صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی سے ناصرف بچا جا سکتا ہے بلکہ اس کا علاج بھی ممکن ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایڈز کے خاتمے کا عالمی دن ’کمیونٹیز کو رہنمائی کرنے دیں‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد ایڈز کے خاتمے میں کمیونٹیز کے کردار کو اجاگر کرنا ہے، ایچ آئی وی کے خاتمے کے لیے کمیونٹی کی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔
صدر نے ایچ آئی وی کے خلاف قومی رسپانس بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بیماری سے ناصرف بچا جا سکتا ہے بلکہ اس کا علاج بھی ممکن ہے، ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ ایڈز سے متاثرہ افراد کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کی صلاحیت اورعزم موجود ہے، ایچ آئی وی کی منتقلی روکنے، نگرانی کا نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے، بیماری کے خاتمے کے لیے عملے کی تربیت اور ادارہ جاتی ڈھانچہ مضبوط بنانا ہو گا۔