انسانی بال سفید کیوں ہوتے ہیں؟

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

صدیوں سے انسان کو اپنے بالوں کے سفید ہونے کی وجہ جاننے کا تجسس ہے اور یہ معمہ حل نہ ہونے کی وجہ سے اب اس حوالے سے مختلف عقائد بھی جنم لے چُکے ہیں۔

جہاں ایک طرف انسانی بالوں کے سفید ہونے کے اس قدرتی عمل کے بارے میں مختلف عقائد نے جنم لیا وہیں دوسری طرف انسان کی سمجھ میں سائنسی ترقی نے کافی اضافہ کیا اور بالوں کو سفید ہونے سے روکنے کے لیے ممکنہ حل کے قریب بھی لے آئی۔

سائنس کے مطابق ہمارے بالوں کا رنگ پگمنٹ میلانین سے پیچیدہ طور پر جڑا ہوا ہے جو بالوں کے فولیکلز کے اندر میلانوسائٹس کے ذریعے تیار ہوتا ہے جبکہ یومیلانن اور فیومیلینن کی وجہ سے انسان کے بالوں کا رنگ بدلتا ہے۔

ذہنی تناؤ کو ہمیشہ سے قبل از وقت بالوں کا رنگ سفید ہونے سے جوڑا گیا ہے اور اب یہ تعلق ایک سائنسی تحقیق کے دوران میلانوسائٹک اسٹیم سیلز پر تناؤ کے اثرات کے ظاہر ہونے پر ثابت بھی ہو گیا ہے۔

دراصل ذہنی تناؤ کے دوران نوریپائنفرین کا اخراج اور بڑھتا ہوا آکسیڈیٹیو کا تناؤ ان خلیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے جو بالوں کی رنگت کو متاثر کرتا ہے۔ 

اگرچہ عمر بڑھنا ناگزیر ہے لیکن بعض عوامل جیسے وٹامن کی کمی اور صحت کی خرابی کی وجہ سے انسان کے بالوں کا رنگ قبل از وقت بھی سفید ہو سکتا ہے۔

بالوں کو سفید ہونے سے کیسے روکا جائے؟

بالوں کے رنگ چُھپانے کے لیے ہیئر ڈائنگ یعنی بالوں کو خضاب لگانا ایک بہت عام طریقہ ہے لیکن جیسے کہ پہلے بھی اس بات کا ذکر کیا ہے کہ وٹامن کی کمی اور صحت کی خرابی کی وجہ سے انسان کے بالوں کا رنگ قبل از وقت سفید ہو سکتا ہے اس لیے بالوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے صحت مند طرزِ زندگی کا انتخاب کریں جیسے تمباکو نوشی سے پرہیز اور تناؤ کو کم کرنے والی سرگرمیوں ورزش یا مراقبے کو اپنے روز مرہ کے معمول میں شامل کریں۔

علاوہ ازیں مختلف پراڈکٹس کا دعویٰ ہے کہ وہ بالوں کا رنگ سفید ہونے کے عمل کی رفتار کو کم کرتی ہیں لیکن ان پراڈکٹس کے استعمال سے قبل ان کی سائنسی توثیق اور ڈاکٹر سے مشورہ لازمی ہے۔

کیٹاگری میں : صحت