ملک بھر کے مختلف شہروں میں آج سے انسدادِ پولیو مہم کا آغا ہو گیا۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
محکمۂ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق سندھ میں 1 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ انسدادِ پولیو مہم میں 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اور سپر وائزرز حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لیے 5300 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پاکستان میں پولیو کے 5 کیسز رپورٹ
محکمۂ صحت کے ترجمان کے مطابق اس سال پاکستان میں پولیو کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 3 کیسز صوبۂ خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں اور 2 کیسز سندھ کے شہر کراچی کے ضلع شرقی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ 2 ماہ میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیو وائرس کے متعدد مثبت ماحولیاتی نمونے رپورٹ ہوئے ہیں۔
پنجاب: مختلف شہروں میں بھی انسدادِ پولیو مہم شروع
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آج سے انسدادِ پولیو مہم شروع ہو گئی۔
پنجاب کے شہر گجرات کے ڈپٹی کمشنر صفدر ورک کا بتانا ہے کہ 3 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا، انسدادِ پولیو مہم 27 تا 29 نومبر تک جاری رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق مہم کے دوران 4 لاکھ 96 ہزار 555 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
ملتان کے کمشنر عامر خٹک کے مطابق قومی انسدادِ پولیو مہم 27 نومبر تا یکم دسمبر تک جاری رہے گی، انسدادِ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر والدین کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی۔
عامر خٹک کے مطابق جنرل بس اسٹینڈ سمیت عوامی مقامات پر بھی پولیو کیمپ لگائے گئے ہیں۔
کمشنر ملتان نے بتایا ہے کہ رواں سال ملتان ڈویژن میں پولیو سے متاثرہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں انسدادِ پولیو مہم شروع کی گئی ہے جو 5 دن جاری رہے گی۔
حافظ آباد کے سی ای او ہیلتھ کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کے لیے محکمۂ صحت کی998 ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔
پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بھی ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بچوں کو پولیو ویکسین پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
انسدادِ پولیو مہم کے دوران 9لاکھ 82ہزار 184 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
گوجرانوالہ کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق انسدادِ پولیو مہم 27 نومبر سے یکم دسمبر تک جاری رہے گی۔
KPK کے 6 ڈویژنز میں انسداد پولیو مہم
صوبہ خیبر پختون خوا کے 6 ڈویژنز پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، مالاکنڈ اور ہزارہ میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پشاور کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 53 ہزار پولیس اہلکار پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے تعینات ہیں جبکہ انسدادِ پولیو مہم کے لیے 31 ہزار 392 ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔
محکمۂ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال بنوں سے پولیو کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کے پی کے، کے ضلع خیبر بھرمیں بھی آج سے 7روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
اس سے متعلق ڈی سی ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ مہم میں 2 لاکھ 28 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، انسدادِ پولیو مہم کے لیے 945 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔
بلوچستان: خصوصی مہم چوتھے روز بھی جاری
صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللّٰہ میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم آج چوتھے روز بھی جاری ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے دیگر اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم آج سے شروع کی جا رہی ہے۔