نگراں وزیرِ صحت ڈاکٹرجاوید اکرام نے ملک میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے کی وجہ بتا دی۔
پنجاب میں ذیابیطس سے آگاہی کے دن کے حوالے سے واک میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن اور نگراں وزیرِ صحت ڈاکٹر جاوید اکرام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹرجاوید اکرام نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے لیکن اس میں قصور لوگوں کا نہیں کیونکہ ہم لوگوں کو صحیح انداز میں آگاہی نہیں دے رہے ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ ذیابیطس کا پہلا مریض 4 سال کا بچہ تھا جب انسولین ایجاد ہوئی۔
نگراں وزیرصحت نے یہ بھی بتایا کہ ملک میں 5 لاکھ 50 ہزار ڈائیلسز کی مشینیں چاہئیں جبکہ ہمارے پاس صرف 85 ہزار مشینیں موجود ہیں۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ ذیابیطس کا عارضہ بینائی، گردے سمیت متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے پرہیز اورصحت مند طرزِ زندگی اپنانی ہو گی۔