میوہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے تمام فنڈز مہیا، ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کریں گے: محسن نقوی

لاہور (نیوز ڈیسک) ’ایک اور وعدہ پورا‘ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے بعد کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے ابن سینا ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا کا افتتاح کردیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کا دورہ کیا اور اپ گریڈڈ ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا میں فراہم کردہ سہولتوں کاجائزہ لیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی اور صوبائی وزراء نے کیفے ٹیریا میں کھانے پینے کی اشیاء کا معیار چیک کیا۔

نگران وزیراعلیٰ کیفے ٹیریا کے کچن میں گئے اور کھانے کی اشیاء کی تیاری کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا، محسن نقوی اور صوبائی وزراء نے ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا میں موجود ڈاکٹروں سے ملاقات کی اور سہولتوں کے بارے استفسار کیا، ڈاکٹرز نے ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا کی اپ گریڈیشن پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

افتتاح کے بعد ڈاکٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سٹوڈنٹس کو ریڈنگ روم اور نیا کیفے ٹیریا مبارک ہو، چندماہ پہلے دورے پر دیکھا تو کیفے ٹیریا کی حالت ابتر تھی، ریڈنگ روم کے اے سی خراب، ڈسٹ اور بری حالت تھی، ریڈنگ روم انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا بن گیا ہے، اب اس کا خیال رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مجھے اصل خوشی تب ہوگی جب پورا میوہسپتال اپ گریڈ ہو جائے گا، امید ہے کہ 31جنوری تک میوہسپتال اپ گریڈ ہو جائے گا، ہسپتال انتظامیہ اپ گریڈیشن کے کام کی اونر شپ لے گی اور کام جلد ہوجائے گا، میں ہر فلور پر جا کر جاری کام کی پیشرفت کاجائزہ لیتا ہوں، میو ہسپتال کا آؤٹ ڈور بھی نیا بنایا جائے گا، ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے جتنے فنڈز درکار ہوئے مہیا کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ایمرجنسی میں انتہائی نگہداشت کے ڈاکٹرز نہیں ہیں، ہم نے ان ڈاکٹرز کو لانا ہے، خواہ بیرون ملک سے ان ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں۔

کیٹاگری میں : صحت