آشوبِ چشم کا پھیلاؤ، پنجاب بھر میں سکول جمعرات تا ہفتہ بند رکھنے کا اعلان

پیر کے روز سے آنکھوں کی بیماری میں مبتلاء بچوں کو سکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی

لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب بھر میں آشوب چشم کی بیماری کے پھیلاؤ کے باعث اسکول جمعرات تا ہفتہ بند کر دیئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کو کل بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، میٹرک کلاسز تک تمام بچوں کو کل چھٹی ہوگی، آشوب چشم کی وجہ سے پنجاب بھر کے اسکولز میں جمعرات کی چھٹی دے دی گئی ہے، اب اسکولز مسلسل چار روز بند رہیں گے، جمعرات جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے بعد پیر کے روز سے آشوب چشم کے بچوں کو مرکزی دروازہ پر ٹیچر خود چیک کریں گے، آشوب چشم کے مریضوں بچوں کو سکول میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری طرف ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے آنکھوں کی بیماری کی دوا کومیسیٹین آئی ڈراپس خریدنے سے روکتے ہوئے الرٹ جاری کردیا، ڈریپ نے امراض چشم کی دوا کومیسیٹن آئی ڈراپ کا ایک بیچ غیر معیاری قرار دے دیا، اس حوالے سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کومیسیٹن آئی ڈراپس کا بیچ سی وائے ایف 003 غیر معیاری قرار پایا، کومیسیٹن کا سیمپل صوبائی ڈرگ انسپکٹر جامشورو نے ٹیسٹنگ لیب بھجوایا، دوا کا بیچ فیڈرل ڈرگ اینالسٹ، سی ڈی ایل کراچی نے غیر معیاری قرار دیا، نبی قاسم انڈسٹریز کراچی کی تیار کردہ دوا کومیسیٹن ڈراپس آنکھوں کے بیکٹریل انفیکشن کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، تاہم ڈاکٹرز اب مریضوں کو کومیسیٹن آئی ڈراپس کا متاثرہ بیچ استعمال نہ کرائیں۔
ڈریپ کے الرٹ سے معلوم ہوا ہے کہ غیر معیاری دوا کا استعمال مریض کی بینائی کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، غیر معیاری اینٹی بائیوٹک استعمال سے مرض پیچیدگی بھی اختیار کر سکتا ہے، اس لیے فارما کمپنی کومیسیٹن آئی ڈراپس کا متاثرہ بیچ سپلائی نہ کرے اور مارکیٹ میں موجود متاثرہ اسٹاک بھی واپس اٹھوایا جائے، کیمسٹس کومیسیٹن آئی ڈراپس کا متاثرہ بیچ فارما کمپنی کو واپس کریں اور ڈریپ کی صوبائی ٹیمیں بھی میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس بڑھائیں۔