لوگوں کی بینائی متاثر ہونے کا معاملہ،رجسٹرڈ ایوسٹین انجکشن کی ڈسٹری بیوشن پر پابندی عائد

ڈریپ نے امپورٹر کو مارکیٹ سے ایوسٹین کا اسٹاک واپس اٹھانے کی ہدایت کر دی،امپورٹر کو حکمنامہ ارسال کر دیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایوسٹین انجکشن کی فروخت اور استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رجسٹرڈ ایوسٹین انجکشن کی ڈسٹری بیوشن پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انجکشن کی سیل اور استعمال پر پابندی عارضی طور پر لگائی جا رہی ہے،ایوسٹین انجکشن کے امپورٹر کو حکمنامہ ارسال کر دیا گیا۔
ذرائع ڈریپ کے مطابق پابندی صحتِ عامہ کے تحفظ اور غلط استعمال روکنے کیلئے لگائی گئی ہے۔ ڈریپ نے امپورٹر کو مارکیٹ سے ایوسٹین کا اسٹاک واپس اٹھانے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق فارمیسی اور کیمسٹ کے پاس موجود اسٹاک سیل کیا جائے گا۔رجسٹرڈ ایوسٹین انجکشن کا سیمپل ڈرگ ٹیسٹ لیبارٹری بھجوایا گیا،ڈرگ لیبارٹری کی رپورٹ آنے کے بعد پر ایوسٹین انجکشن سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب آنکھوں کے غیر معیاری انجکشن سے شوگر کے مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے معاملے پر محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر پنجاب نے کارروائی شروع کر دی۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر نے غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ کمپنی سے انجکشن کی فروخت پر 11 ڈرگ انسپکٹرز کو معطل کر دیا۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا،جس کے مطابق لاہور سے 3،بہاولپور اور رحیم یار خان سے 2،2 ڈرگ انسپکٹرز کو معطل کیا گیا۔
اس کے علاوہ جھنگ،قصور،خانیوال اور بہاولنگر سے 1،1 ڈرگ انسپکٹر کو معطل کیا گیا۔ ذرائع محکمہ صحت پنجاب کے مطابق انجکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد 77 ہو گئی ہے۔ لاہور،ملتان،قصور،صادق اور بہاولپور میں متاثرہ افراد کے کیسز سامنے آئے۔رحیم یار خان،خانیوال،میاں چنوں اور جھنگ میں بھی کیسز سامنے آئے۔ لاہور میں 25،ملتان میں 19 اور بہاولپور میں 17 متاثرہ افراد رپورٹ ہوئے۔ یاد رہے کہ نگراں وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ انجکشن اوسٹین کی فروخت اور فراہمی روک دی گئی۔

کیٹاگری میں : صحت