راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 23 کیسز رپورٹ

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 23 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ضلع میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 438 ہو گئی ۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ایپیڈیمکس پریوینشن اینڈ کنٹرول، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر سجاد محمود نے منگل کو بتایا کہ نئے کیسز میں پوٹھوہار ٹاؤن اربن سے 15، چکلالہ کنٹونمنٹ سے 5 جبکہ میونسپل کارپوریشن اور راولپنڈی کنٹونمنٹ کے علاقے سے ایک، ایک کیس سامنے آیا ہے۔

ڈاکٹر سجاد نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 53 ایف آئی آرز درج کیں، ان ڈور سرویلنس کے دوران ٹیموں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ہزار سے زائد گھروں کو چیک کیا جن میں سے 536 گھروں میں لاروا پایا گیا جبکہ آئوٹ ڈور سرویلنس کے دوران 88 مقامات پر لاروا ملا ، محکمہ صحت کے افسر کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ساتھ صوبائی محکمہ صحت کے حکام ڈینگی کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔