ادویات بحران شدت اختیار کر گیا

عام استعمال کی دوائیں بھی ناپید ہو گئیں، قیمتوں میں بھی مزید اضافہ کر دیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ادویات بحران شدت اختیار کر گیا، عام استعمال کی دوائیں بھی ناپید ہو گئیں، قیمتوں میں بھی مزید اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک میں ادویات کی قلت اور قیمتوں کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سمیت مختلف شہروں میں دواؤں کا بحران شدید سے شدید ہوتا جا رہا ہے، ادویات کی قلت کے ساتھ دستیاب ادویات کی قیمتیں بھی 18 سے 20 فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔
دمہ کے مریضوں کیلئے ان ہیلر دستیاب ہیں نہ ہی شوگر کے مریضوں کیلئے انسولین، اس کے علاوہ اینٹی بایوٹکس، اسکن انفیکشنز، ڈائریا، بلڈ پریشر اور بخار کی دوائیں بھی ناپید ہیں۔ دوسری جانب شوگر، معدے کی تیزابیت، امراض قلب، اینٹی بایوٹک دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، شوگر کی دوائی 219 سے بڑھ 258 روپے تک پہنچ گئی جبکہ معدے کی تیزابیت اور جلن کی دوائیں 606 سے بڑھ کر 714 روپے کی ہوگئی ہیں، دل کے امراض کی 140 روپے میں ملنے والی دوا اب 165 روپے میں دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ادویات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا۔ ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں بڑھنے کے ساتھ ساتھ ادویات کی قیمتوں میں بھی20 فیصد اضافہ کر دیا گیا ۔ ادویات کی قیمتوں میں20 فیصد اضافے کے بعد میڈیکل سٹورز پر جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ قیمتوں بڑھنے سے جہاں مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے وہیں کئی ادویات کو میڈیکل سٹورز سے غائب کر کے منہ مانگے داموں پر بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے، ادویات کے ساتھ ساتھ سرجیکل آلات کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں موجود ادویات کا بحران 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے دور میں شروع ہوا۔ 16ماہ کی پی ڈی ایم حکومت میں ادویات کی مصنوعی قلت سب سے بڑا مسئلہ رہا ،پاکستان میں ڈالر اور ایل سی کے مسائل کی وجہ سے امپورٹڈ ادویات نایاب رہیں،جگر ،شوگر ،مرگی ، کنیسر ، شوگر ، انسولین سمیت ہیپا مرض کی ادویات بھی مہنگی اور ناپید رہی ،خاص طور پر میڈیکل ڈیوائسز سٹنٹز کنولا، بلڈ بیگ اور دیگر ادویات پاکستان میں ناپید ہو چکی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف کے 16ماہ کی حکومت میں ایک لاکھ ادویات کی قیمتوں میں14سے 20فیصد اضافہ ہوا ۔ 16 ماہ کی حکومت میں جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ایک دفعہ اضافہ ہوا لیکن اہم دوا پیناڈول پیراسیٹا مول کی قیمت میں3دفعہ اضافہ کیا گیا ۔نومبر2022میں 17روپے 10پیسے سے قیمت بڑھا کر 26روپے 50پیسے کر دی گئی۔ اپریل 2023کو32روپے 60پیسے قیمت کر دی گئی۔ پیناڈول کی قیمت میں آخری دفعہ 19مئی 2023کو ایک دفعہ پھر 20 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔