چیئرمین واپڈا سجاد غنی کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) چیئرمین واپڈا سجاد غنی کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں ترقیاتی ترجیحات، روڈ میپ اور واپڈا منصوبوں کی فنانسنگ کے بارے میں گفتگو کی گئی۔

وفد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان، جاپان، چین اور کوریا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز شامل تھے، اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کے لئے واپڈا منصوبوں بارے آگاہ کیا گیا۔

وفد کو بتایا گیا کہ واپڈا منصوبوں کی بدولت تھرمل بجلی کی پیداوار کے لئے مہنگے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا، واپڈا پن بجلی منصوبوں کی تکمیل سے ماحولیات پر پڑنے والے منفی اثرات میں بھی کمی آئے گی۔

ملاقات میں واپڈا کی مستحکم مالی حیثیت، ذرائع آمدنی اور منصوبوں کی فنانسنگ کے لئے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو زیر تعمیر دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیم پر تعمیراتی اور مالی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات میں پٹن اور تھاکوٹ پن بجلی منصوبوں کی تعمیر کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی فنانسنگ پر بھی بات چیت کی گئی، وفد کو بریفنگ دی گئی کہ واپڈا منصوبوں میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے لئے فنانسنگ کے شاندار مواقع موجود ہیں۔