بہاولپور: سی ٹی ڈی کے زیرحراست 2 دہشتگرد اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

بہاولپور: ( کرائم ویب ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے زیر حراست کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 2 دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں عدیل عرف سیف اللہ خراسانی اور زین عرف اسد اللہ خراسانی کو بہاولپور میں چھپائے گئے اسلحہ کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا، جہاں ان کے ساتھیوں نے گھات لگا کر فائرنگ کی۔

سی ٹی ڈی حکام کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے دونوں زیر حراست دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے 4 رکنی نیٹ ورک تشکیل دے رکھا تھا، دونوں دہشت گردوں کو حاصل پور سے ایک قتل کی تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔