اسلام آباد: ( کرائم ڈیسک ) سپریم کورٹ میں نور مقدم قتل کیس میں سزا یافتہ مجرم ظاہر جعفر کی سزا معافی اپیل کی سماعت میں مجرم کی 2013 سے آج تک کی میڈیکل ہسٹری عدالت میں پیش کر دی گئی، عدالت نے آج ہی فیصلہ سنانے کا عندیہ دیدیا۔ ملزم کے وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ مجرم کو قتل پر سزائے موت، ریپ پر عمر قید اور اغواء پر دس سال سزا سنائی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریپ کی پر عمر قید سے بڑھا کر سزائے موت کر دی، ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ عمر قید یعنی کم سزا دینے کی وجوہات ٹرائل کورٹ نے نہیں بتائیں۔
سلمان صفدر کے مطابق ابتدائی ایف آئی آر صرف قتل کی تھی دیگر جرائم بعد میں شامل کیے گئے، وقوعہ کے 22 دن بعد اغواء اور ریپ کی دفعات شامل کی گئیں، جائے وقوعہ ملزم کا گھر تھا، اس کے شواہد پیش نہیں کیے گئے۔
وکیل صفائی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق رات دس بجے واقعہ، 11:30 بجے قتل کا مقدمہ درج ہوا، پوسٹمارٹم صبح 9:30 بجے ہوا جس کے مطابق نور مقدم کا انتقال رات 12:10 پر ہوا، واقعہ کے ایک زخمی امجد کو پولیس نے گواہ کے بجائے ملزم بنا دیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس کا انحصار سی سی ٹی وی فوٹیج پر ہے، ملزم کا فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ بھی کروایا گیا، فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کا ذکر کچھ دن پہلے ایک اور کیس میں بھی آیا تھا، اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ وہ فیصلہ تو آپ کے حق میں کر دیا تھا۔
سلمان صفدر نے مؤقف میں کہا کہ آلہ قتل ایک چھوٹا سا چاقو ہے جس پر ملزم کے فنگر پرنٹس بھی موجود نہیں، مدعی شوکت مقدم کے علاوہ تمام گواہ سرکاری تھے، جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ واقعہ کا کوئی چشم دید گواہ نہیں، تمام شواہد واقعاتی ہیں۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ ریلیف بنتا ہوا تو دے دیں گے ورنہ فیصلہ کر دیں گے، ساڑھے گیارہ بجے مخصوص نشستوں والا کیس ہے، اگر بنچ ٹوٹ گیا تو بارہ کے قریب نور مقدم کا مقدمہ سن لیں گے، اگر مخصوص نشستوں والا بنچ نہ ٹوٹا تو ایک بجے مزید سماعت ہوگی۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ ججز کو تھوڑی بہت پین لینی چاہیے، ایسا نہیں ہونا چاہیے، اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کی اور پھر کیس نہ سنا جائے، دس دس سال تک لوگ ڈیتھ سیل میں رہتے ہیں، اب ایسا نہیں ہوگا۔
دوران سماعت سلمان صفدر نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس فیصلے کا حوالہ دیا جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ جسٹس آصف کھوسہ کے ویڈیو اور آڈیو کی تصدیق سے متعلق فیصلے پر انحصار کر رہے ہیں، اب پیرا میٹرز پر انحصار کریں تو خانہ کعبہ میں کھڑے ہوکر کچھ بات کریں وہ ثابت کرنا مشکل ہو جائے گا۔
اس دوران سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔