لاہور: ( کرائم ڈییسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے ٹیکسالی میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دکان پر کھڑے پولیس اہلکار کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، فائرنگ کے بعد ملزمان بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فائرنگ کے بعد کانسٹیبل کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دوران علاج دم توڑ گیا، مقتول اہلکار کی شناخت غلام رسول کے نام سے ہوئی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔