انقرہ: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) فلسطینیوں کی نسل کشی کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں چلنے والے کیس میں ترکیہ بھی فریق بن گیا ہے۔ ترکیے کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اپنے انڈونیشین ہم منصب ریتنو مراسودی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران غزہ میں اسرائیلی بربریت کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کے مقدمے میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ قانونی نکات پر کام مکمل ہوتے ہی عالمی عدالت انصاف میں فریق بننے کی درخواست دائر کریں گے جس کا مقصد اس سیاسی فیصلے پر عمل درآمد کرنا ہے، ترکیہ ہر طرح کے حالات میں فلسطین کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ میں اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عالمی عدالت سے رجوع کیا تھا، سماعت کے دوران عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی کے اقدامات روکنے کا حکم دیا تھا۔