اے این ایف کی لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) کی جانب سے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کی گئی ہے۔

لاہور(کرائم ڈیسک)تفصیلات کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں کارگو کمپلیکس سے 4 کلو آئس ہیروین برآمد کرلی گئی جبکہ پکڑی گئی آئس ہیروئین کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جارہی ہے۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ آئس ہیروئن روئی کی گانٹھوں میں چھپا کر رکھی گئی تھی، روئی کی گانٹھیں فیصل آباد کی ایک ٹیکسٹائل کمپنی کے ایجنٹ نے بک کروائی تھی۔
اے این ایف حکام نے مزید بتایا کہ آئس ہیروئن غیرملکی کورئیر کمپنی کے ذریعے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ڈی سی چینگ نامی شخص کے نام پر بک کروائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 3 دن قبل بھی اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے باچا خان انٹرنیشنل آئیرپورٹ پر کارروائی کی گئی تھی ، کارروائی کے نتیجے میں تین کلو گرام آئس برآمد کر لی گئی تھی۔
آے این ایف حکام کا کہنا تھا کہ پشاور سے دوحہ جانے والے مسافر سے تین کلو گرام آئس برآمد کی جبکہ گرفتار عدنان کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں