امریکہ کو پاکستان کی جانب سے اڈے دینے کی قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں، اس حوالے سے بیان دینے والے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے رابطہ کیا جائے۔ ترجمان فارن آفس ممتاز زہرا بلوچ کی پریس بریفنگ
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان نے واضح کیا ہے کہ کسی غیر ملکی حکومت کو اڈے فراہم نہیں کیے جائیں گے، امریکہ کو پاکستان کی جانب سے اڈے دینے کی قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، اس حوالے سے بیان دینے والے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سے رابطہ کیا جائے، پاکستانی حکام اور اداروں کے خلاف ٹرولنگ اور سوشل میڈیا کی بے بنیاد مہم کی مذمت کرتے ہیں، شہزاد اکبر کے الزامات مسترد کرتے ہیں، اپنے شہریوں کو نشانہ بنانا ہماری پالیسی نہیں، شہزاد اکبر کے الزامات بے بنیاد اور سیاسی ہیں، پاکستان کی افواج اور عوام ملک کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کے امریکہ اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے ساتھ قومی مفاد میں اپنے تعلقات کو بڑھائیں گے، پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز ہیں، ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے رابطے جاری رکھیں گے، پاکستان، چین اور ایران سہ فریقی مذاکرات اہم ہیں، ابھی تک ان مذاکرات کی تاریخ طے نہیں ہوئی، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی نیٹ ورک کئی دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں متحرک تھا، بھارتی ماورائے عدالت قتل نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، پاکستان نے بھارتی ایجنٹس کے حملوں کے شواہد دنیا کے سامنے رکھے، بھارتی عمل غیرقانونی اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے، دنیا بھارت کو اس کے اقدامات پر کٹہرے میں لائے، فروری 2019ء میں تاریخ نے خود کو دہرایا، بھارتی قیادت سیاسی مقاصد کیلئے بیان دیتی ہے، بھارتی وزیراعظم کے حالیہ بیان پر تبصرہ نہیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور ناکہ بندی قابل مذمت ہے، پاکستان اسرائیل کی جانب سے بڑھتی جارحیت اور غیر قانونی آباد کاری کی مذمت کرتا ہے، اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کو فوری طور پر غزہ کا محاصرہ ختم کروانے کیلئے اقدامات کرے، پاکستان فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت افغانستان کے عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔