پاکستان کی جوابی کارروائی، 5 بھارتی طیارے مار گرائے، بریگیڈ ہیڈکوارٹرز تباہ

پاکستان میں 6 مقامات پر بھارتی میزائل حملوں میں 8 شہری شہید ہوگئے، 35 زخمی

نئی دہلی/راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) بھارت نے 6 مقامات پر میزائل حملے کیے جس کے فوری بعد پاکستان نے جوابی کارروائی شروع کردی جس میں 5 طیارے مار گرائے، جن میں 3 رافیل بھی شامل ہیں اور بریگیڈ ہیڈکوارٹرز بھی تباہ کردیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج زمینی اور فضائی طور پر دشمن کو بھرپور نقصان پہنچا رہی ہیں ایک جہاز بھا ٹنڈا میں اور ایک اکھنور میں گرا، ایک اور جہاز اونتی پورا کے قریب تباہ ہوا، پاکستان نے برنالہ سیکٹرمیں بھارتی فوج کا ایک ڈرون بھی مار گرایا، بعد ازاں مزید دو طیارے بھی مار گرانے کی خبریں آئیں، یہ طیارے اس وقت مارے گئے جب یہ پاکستان پر بھارتی سر زمین کو استعمال کرکے پاکستان پر حملہ کر رہے تھے، ان طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ 29, اور ایک SU-30 شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اس کے علاوہ ایل او سی پر دشمن کی جولی پوسٹ، بڈوری سیکٹر میں دشمن کے 50 فوجی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے، پاک فوج کی بھاگتے بھارتی فوجیوں پر آرٹلری کی فائرنگ، پاک فوج کی فائرنگ سے دشمن کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں، پیر کانٹی سیکٹر میں بھی 40 بھارتی فوجی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے، پاک فوج کی جوابی کاروائی سے متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں بھارتی میزائل حملوں میں بہاولپور، کوٹلی اور مظفرآباد کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچے سمیت 8 افراد شہید ہوگئے، بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے بغیر میزائل داغے، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کیے جن میں 8 پاکستانی شہید 35 زخمی ہیں، احمد پورشرقیہ میں مسجد سبحان پر 4 حملے کیے گئے، مسجد سبحان پر حملے میں بچی سمیت 4 شہید، 31 زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا، حملے میں بچی زخمی اور مسجد شہید ہوگئی، کوٹلی میں مسجد عباس پر حملہ کیا گیا، حملے میں 16 سالہ لڑکی اور بچہ شہید ہوا، مریدکے میں مسجد پرحملہ ہوا جس میں ایک شہید، ایک زخمی اور 2 لاپتا ہوئے، سیالکوٹ میں گاؤں پر 2 گولے گرے، جس میں کوئی نقصان نہیں ہوا، شکرگڑھ پر 2 حملے ہوئے، ڈسپنری کو معمولی نقصان پہنچا، بھارت نے معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا، عالمی میڈیا کو ان جگہوں کا صبح دورہ کرایا جائے گا، بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔