لاہور میں ماں اور بیٹی کا لرزہ خیز قتل

مبارک نامی شخص نے رشتے کے تنازع پر ماں بیٹی کا قتل کیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس

لاہور (کرائم ڈیسک) : صوبائی دارالحکومت لاہور میں ماں بیٹی کے لرزہ خیز قتل کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ماں بیٹی کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا۔لاہور کے علاقے شاہدرہ میں گھر سے ماں بیٹی کی لاشیں ملی جن کی شناخت 45 سالہ بشریٰ اور20 سالہ ثنا کےناموں سے کی گئی، دونوں کو تیز دھارآلے سے قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں اور شبہ ہے کہ قتل رشتہ کے تنازع پر ہوئے۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مبارک نامی شخص نے رشتے کے تنازع پر ماں بیٹی کا قتل کیا اور فرار ہوگیا۔ اندوہناک قتل کی خبر ملنے پر پولیس حکام میں کھلبلی مچ گئی۔ واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے جائے حادثے کا دورہ کیا اور قاتل کی فوری گرفتاری کے لئے ایس پی انویسٹی گیشن سٹی کی سربراہی میں پولیس ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

پولیس اورفارنزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس بھجوا دی گئیں۔ دوسری جانب ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس اور فرانزک ٹیموں نےجائے وقوعہ سےشواہد اکھٹے کرلیے، ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم مبارک نے بھائی کی بیوی، اور ساس کو قتل کیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے شاہدرہ میں ماں بیٹی کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور سی سی پی او لاہور سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیس حکام کو جلد ملزم کی جلد گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں