موسمِ سرما میں بیماریوں سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟

---فائل فوٹو
—فائل فوٹو

موسمِ سرما میں کئی بیماریاں عام ہیں جن سے بچنا مشکل ہے لیکن کچھ طریقوں سے ان کا دورانیہ کم کیا جاسکتا ہے۔

سرد موسم میں کھانسی، نزلہ، بخار اور دیگر گلے کی بیماریاں وغیرہ عام ہوجاتی ہیں جن کا دورانیہ ہر انسان میں مختلف ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق موسمِ سرما میں انسان اپنی عادات اور روزمرہ کے کاموں میں معمولی تبدیلیاں کر کے ان بیماریوں سے بچ بھی سکتا ہے اور اگر بیمار ہوبھی جائے تو ان تبدیلیوں کے باعث جلد ٹھیک بھی ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق موسمِ سرما میں انسان عام طور پر پانی کا استعمال کم کردیتے ہیں لیکن اس موسم میں جان بوجھ کر زیادہ سے زیادہ پانی اور جوس وغیرہ پینے چاہئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔

دن میں کم از کم 2 مرتبہ نمک کے پانی سے غرارے کرنے سے بھی موسمِ سرما میں کافی فائدہ ہوتا ہے اور ضروری نہیں کہ انسان گلا خراب ہونے کی صورت میں ہی ایسا کرے، عام طور پر بھی غرارے کیے جاسکتے ہیں۔

موسمِ سرما میں چقندر کا جوس بھی انتہائی مفید رہتا ہے جو سانس کی بیماریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یہ جسم میں نائٹرک اوکسائیڈ کو بڑھاتا ہے جو سانس کے انفیکشنز کے خلاف بہت مفید ہے۔

ماہرین کے مطابق ضروری نہیں کہ انسان جب موسمِ سرما میں بیمار ہو تب ہی گرم پانی سے بھانپ لے بلکہ سرد موسم میں اسے معمول بھی بنایا جاسکتا ہے تاکہ آنے والی موسمی بیماری سے پہلے ہی بچا جاسکے۔

علاوہ ازیں سرد موسم میں ہونے والی عام بیماری جیسے نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار میں زیادہ سے زیادہ آرام کر کے ان سے جلد چھٹکارا بھی پایا جاسکتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت