پھول دار پودے سے حاصل ہونے والا ادرک بھلے ایک ہے لیکن اس کے بے پناہ فائدے ہیں۔
آپ چاہیں تو اسے خام کھائیں یا پھر اپنے کھانوں میں شامل کرلیں، اگر کچھ کھٹا کھانے کا دل ہو تو اس کا اچار بنالیں، خشک، تازہ، عرق یا پاؤڈر جیسے چاہیں استعمال کرلیں یہ ہر لحاظ سے طبی فوائد کا حامل ہے۔
آئیے اس کے چند فوائد پر ہم بھی روشنی ڈالتے ہیں۔
بالوں کی خشکی دور بھگائیں
ہر عام و خاص کو موسمِ سرما میں بالوں کے بیشتر مسائل کا سامنے رہتا ہے، اس لیے اس موسم میں بالوں کا خیال رکھنا بہت اہم ہے۔
اگر آپ کے گھر میں ادرک موجود ہے تو پریشانی کی کیا بات ہے۔ یہ بالوں کی نشونما کو روکنے والی خشکی کو دور کرنے میں بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔
اس کا عرق نکالیں اور اسے ہاتھوں کی مدد سے بالوں کی جڑوں میں لگا لیں۔
اس میں موجود جنجرول کمپاؤنڈ، اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات صحت مند اسکیلپ کے لیے انتہائی مفید ہیں۔
موسمی نزلہ زکام اور گلے کی خراش کا گھر پر علاج
موسم سرما کے آتے ہی نزلہ زکام اور گلے کی خراش ہر گھر کا مسئلہ ہے، بچہ بوڑھ، ہر ایک اس سے متاثر ہے، ایسے میں ادرک کا قہوہ تمام بیماریوں میں مفید ہے۔
ایک کپ پانی لیں، اس میں 2 سے 3 باریک ٹکڑے ادرک کاٹ کر شامل کریں اور 15 سے 20 منٹ تک ابالیں، اس کے بعد اسے چھان کر اس میں لیموں یا شہد ڈال کر استعمال کریں، ذائقہ مزید بہتر کرنے کے لیے اس میں چند پتے پودینے کے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
پیٹ کی گیس یا بدہضمی
اگر آپ پیٹ کی گیس سے پریشان ہیں تو ادرک اس مسئلے کے حل میں فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق یہ آنتوں میں گیس کو کم کرتی ہے، اس کے لیے اپنی غذا میں اس کی کچھ مقدار چھڑک کر استعمال کریں۔
پٹھوں کے درد کی شکایت
ادرک کا استعمال ورزش سے منسلک پٹھوں کے درد کو کم کرتا ہے۔ بس آپ نے اتنا کرنا ہے کہ دو گرام ادرک اپنی روزمرہ کی غذا کا حصہ بنانا ہے۔ چند دن بلاناغہ اس کا استعمال کیجئے اور پٹھوں کے درد سے نجات حاصل کیجئے۔
کینسر سے بچاؤ
تحقیق کے مطابق ادرک میں موجود بائیو ایکٹیو مالیکیولز سے کچھ اقسام کے کینسر جیسے جگر، جلد، بریسٹ اور مثانے کے کینسر کے پھیلنے کی رفتار سست کرنے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
ذیابیطس پر قابو
ادرک ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا افراد میں بلڈ شوگر کی سطح کو متوازن کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔