لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد کا 2 سرجیکل روبوٹس لینے سے انکار

-----فائل فوٹو
—–فائل فوٹو

لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد کی انتظامیہ نے 2 سرجیکل روبوٹس لینے سے انکار کر دیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمیں اربوں روپے کے روبوٹس نہیں بنیادی مشینری، سامان اور اسپتال کی بہتری چاہیے۔

لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد کی انتظامیہ نے محکمۂ صحت کو خط لکھ دیا۔

لیاقت یونیورسٹی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد جونیجو نے خط میں لکھا ہے کہ ہمیں 2 روبوٹس خریدنے کے لیے 2 ارب روپے سے زائد دیے گئے، ہمیں سرجیکل روبوٹس کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیاقت یونیورسٹی اسپتال کو سی ٹی اسکین، ایم آر آئی، ایکسرے اور لا تعداد دیگر سامان چاہیے، ہمیں اپنے مریضوں کے لیے وینٹیلیٹر اور ڈائلیسز مشینیں اور ان کا ساز و سامان چاہیے۔

ڈاکٹر شاہد جونیجو کا کہنا ہے کہ لیاقت یونیورسٹی اسپتال میں روبوٹس چلانے کے لیے تربیت یافتہ طبی عملہ نہیں، روبوٹس سے متعلق نگراں وزیرِ صحت سندھ کے مؤقف کی مکمل تائید کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 50 ہزار روپے میں ہونے والی سرجری 5 لاکھ روپے کرانے کی مخالفت کرتے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت