صبح 9 سے شام 7 بجے کے درمیان کھانے پینے والے افراد زیادہ خوش رہتے ہیں، تحقیق

صبح 9 سے شام 7 بجے کے درمیان کھانے پینے والے افراد زیادہ خوش رہتے ہیں، تحقیق

ایک نئی تحقیق کے مطابق صرف صبح 9 سے شام 7 بجےکے درمیان کھانے پینے والے افراد ناصرف زیادہ خوش اور مطمئن رہتے ہیں بلکہ انہیں بھوک بھی کم لگتی ہے اور وہ خود کو زیادہ توانا و مستعد محسوس کرتے ہیں۔ 

محققین کا کہنا ہے کہ دن میں 14 گھنٹے بھوکا رہنا صحت کے لیے کافی مفید ہے اور اس سے بھوک کم محسوس ہوگی، جبکہ زیادہ توانائی محسوس کرنے کے ساتھ مزاج میں شگفتگی بھی رہے گی۔  

اس تحقیق کے نتائج ایک آزمائش کے دوران سامنے آئے جس کے مطابق آپ کھانے کے استعمال میں 10 گھنٹے کا وقفہ رکھیں۔ مثلاً صرف صبح 9 سے شام 7 بجے کے درمیان کھانے پینے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

جبکہ وقفے سے بھوکا رہنے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ 6 گھنٹے کا وقفہ کیا جاسکتا ہے، یعنی آپ اپنا تمام کھانا پینا صبح 11 سے شام 5 بجے کے درمیان کریں۔

برطانیہ کے کنگز کالج لندن کی ریسرچر اور زیڈ او ای کی چیف سائنٹسٹ ڈاکٹر سارہ بیری نے کہا کہ مذکورہ بالا تحقیق سختی سے کنٹرول کی جانے والی کلینک سے باہر سب سے بڑی تحقیق ہے تاکہ یہ ظاہر کیا جاسکے زیادہ دیر بھوکا رہنا آپ کی صحت کے لیے کس قدر مفید ہے۔

اس تحقیق کے دوران زیڈ او ای کے ایپ کا استعمال کیا گیا جو کہ شرکا کو اپنے روز مرہ صحت کی صورتحال سے آگاہی کا پابند کرتا ہے۔ 

تحقیق میں 37 ہزار افراد نے شرکت کی، اس دوران ان سے کہا گیا کہ وہ ایک ہفتے تک نارمل کھانا پینا جاری رکھیں جس کے بعد انہیں کہا گیا کہ وہ آئندہ 15 روز صرف 10 گھنٹے کے کھانے پینے کے ٹائم کے دوران کھانا کھائیں۔

جب ان نتائج کا تجزیہ کیا گیا تو پتہ چلا کہ جو شرکا روزانہ 14 گھنٹے بھوکے رہے وہ زیادہ توانا اور اچھے موڈ میں نظر آئے۔ وہ لوگ جو اپنے کھانے پینے کے اوقات پر متواتر عمل پیرا رہے انہیں ان سے زیادہ فائدہ پہنچا جو کہ روز مرہ تبدیلیاں کرتے رہے۔


نوٹ:یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

کیٹاگری میں : صحت