صوبۂ بلوچستان کے مستقل رہائشی خاندانوں کے لیے خوش خبری ہے، حکومتِ بلوچستان نے عوام کی سہولت کے لیے آج سے صحت کارڈ کا اجراء کر دیا۔
وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ میں بلوچستان صحت کارڈ پروگرام کے اجراء کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، مہمانِ خصوصی نگراں وزیرِ اعلیٰ علی مرادن ڈومکی نے تقریب میں شرکت کی۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ علی مرادن ڈومکی نے صحت کارڈ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے بلوچستان کے عوام کے لیے مفت علاج کا اعلان کرتا ہوں، اس منصوبے سے بلوچستان کے 23 لاکھ مستقل رہائشی خاندان مستفید ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر سے منتخب 1200 سے زائد اسپتال صحت کارڈ کے پینل پر موجود ہیں، جہاں بلوچستان کے عوام مفت علاج کی سہولت سے حاصل کر سکتے ہیں۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی صحت کارڈ پروگرام میں قومی شناختی کارڈ ہی صحت کارڈ ہے، جس پر ہر بلوچستانی کا مفت علاج ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ صوبے کے ہر فرد کو یکساں علاج کی سہولتیں ملیں گی، ان میں ڈائیلاسز، ڈلیوری، کینسر کا علاج، حادثے کی صورت میں علاج کی سہولتیں شامل ہیں۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ نے مزید بتایا کہ مریض پینل پر موجود کسی بھی سرکاری و نجی اسپتال سے علاج شروع کرا سکے گا۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ صحت کارڈ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔