مہنگائی کے مارے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ، ادویات کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں بڑھنے کے ساتھ ساتھ ادویات کی قیمتوں میں بھی20 فیصد اضافہ کر دیا گیا جس کی وجہ سے مریض اور لواحقین اذیت میں مبتلا ہیں۔

تفصیلات کے مطابق میڈیسن مارکیٹ میں گزشتہ1 ہفتے کے دوران ادویات کی قیمتوں میں20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے میڈیکل سٹورز پر جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

قیمتوں بڑھنے سے جہاں مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے وہیں کئی ادویات کو میڈیکل سٹورز سے غائب کر کے منہ مانگے داموں پر بلیک میں فروخت کیا جا رہا ہے، ادویات کے ساتھ ساتھ سرجیکل آلات کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور جان بچانے والی ادویات کی بلیک مارکیٹنگ پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ ملکر ذمہ داران کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس مسئلے پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔