موسم سرما میں بیشتر افراد سستی کا شکار ہوجاتے ہیں اور گھر پر چھٹیاں گزار کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔
اکثر افراد سردی کی شدت سے بچنے کے لیے دن بھر کمبل اوڑھے چائے کافی کا استعمال کرتے رہتے ہیں جو تیزابیت اور مختلف نظام ہاضمہ کے مسائل کا سبب بنتا ہے۔
اس کے علاوہ سردیوں میں نوش کیے جانے والی غیر صحت بخش غذائیں اور بے جا آرام کے باعث بیماریاں بڑھنے کا خدشہ ہوتا ہے جس میں کولیسٹرول کے مسائل بھی شامل ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ آپ موسم سرما میں کولیسٹرول کو کیسے قابو میں رکھ سکتے ہیں۔
جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ :
موسم سرما جسمانی سرگرمیاں بالخصوص آؤٹ ڈور سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں جو کولیسٹرول کے بڑھنے کی ایک عام وجہ ہے تو سب سے پہلے اپنی جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ کیجئے۔ ورزش کو اپنا معمول بنائیے جو کولیسٹرول پر قابو رکھنے میں مددفراہم کرئے گا۔
طبی ماہرین کے مطابق سردیوں کے موسم میں ایک ہفتے کے دوران 75 منٹ سخت اور 150 منٹ ہلکی ورزش کو معمول بنانا چاہیے۔
تازہ پھل اور سبزیوں کا استعمال :
سردیوں میں مختلف قسم کے تازہ پھل، ہرے پتوں والی سبزیاں اور سلاد کی سبزیاں جیسے گاجریں، گوبھی اور مولی وغیرہ دستیاب ہوتی ہیں، جو وٹامن، منرل اور فائبر سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ان کا استعمال دل کی صحت اور کولیسٹرول کے لیے مفید ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ سیب، ناشپاتیاں اور انار بھی کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے کے لیے مفید ہے۔
پانی کا استعمال :
موسم سرما میں پانی کا استعمال کم ہوجاتا ہے جو کولیسٹرول کے بڑھنے کی عام وجہ ہے۔ پانی کے زیادہ استعمال سے ناصرف آپ کے کولیسٹرول لیول میں باقاعدگی آتی ہے بلکہ اس سے جسم کا میٹابولزم بھی بہتر ہوتا ہے اور جسم سے تیزابیت خارج ہوتی ہے جس سے کولیسٹرول قابو میں رہتا ہے۔
اس کے علاوہ اپنی نیند پر بھرپور توجہ دیں نہ تو ضرورت سے زیادہ سوئیں اور نہ ہی ضرورت سے کم۔ ایک عام بالغ شخص کو روزانہ 7 سے 8 گھنٹوں کی پُرسکون نیند کی ضرورت ہوتی ہے اسے یقینی بنائیں اور تمام تر ذہنی و اعصابی تناو سے دور رہیں کیونکہ ذہنی و اعصابی تناو بھی بڑھتے کولیسٹرول کی ایک عام وجہ ہے۔