کراچی : (کرائم ڈیسک ) کراچی میں پولیس کے ڈکیتی میں ملوث ہونے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، بلوچ کالونی پل پر آئل کی گاڑی چھین کر لوٹ مار کی واردات ڈرامہ نکلی ، واردات میں ملوث2پولیس اہلکاروں سمیت 4ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔
ڈی آئی جی ایسٹ کراچی کا کہنا ہے کہ 23 نومبر کو ٹیپو سلطان پولیس کو ڈکیتی کی اطلاع ملی تھی ، آئل سے بھری گاڑی چھیننے کی اطلاع ڈرائیور عمران نے دی۔
ڈرائیور کا کہنا ہے کہ واردات یونیفارم اور سادہ لباس اہلکاروں نے کی، تفتیش کے دوران واردات کے مشکوک ہونے کے شواہد ملے۔
ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق ڈکیتی کی واردات ایک ڈرامہ تھی ، ڈرائیور عمران نے ساتھی نادر کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی کی ، پولیس کانسٹیبل شیخ غالب اور کانسٹیبل نوید کو بھی اپنے ساتھ ملایا ، دونوں اہلکار اے آر ایف پولیس ہیڈ کوارٹر ساؤتھ میں تعینات ہیں ۔
ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ملزمان کا مقصد انشورنس کی رقم حاصل کرنا تھا ، ملزمان نے آئل کے کارٹن فروخت کر کے رقم حاصل کرنی تھی ۔ واردات میں ملوث 2پولیس اہلکاروں سمیت 4ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں ۔