کراچی میں مردہ حالت میں لائے گئے بچے کے ساتھ زیادتی کا بھی انکشاف

بچے پر تشدد کیا گیا، اس کے ساتھ زیادتی کی تصدیق بھی ہوگئی ،، لیب رپورٹ کے بعد مزید معلومات سامنے آئیں گی۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ

کراچی(کرائم ڈیسک) جناح اسپتال کراچی میں بچے کی لاش چھوڑ کر فرار ہونے کے واقعے میں بڑے انکشافات سامنے آگئے۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے کہا کہ بچے پر تشدد کیا گیا، اس کے ساتھ زیادتی کی تصدیق بھی ہوگئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بچے کے جسم سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں، لیب رپورٹ کے بعد اس حوالے سے مزید معلومات سامنے آئیں گی۔
پولیس حکام کے مطابق بچے کی لاش اسپتال چھوڑ کر فرار ہونے کی واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کے مالک کا پتا لگا لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق پی ایم ٹی 868 نمبر کی گاڑی ڈیفنس کے رہائشی اویس رضا کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق بچے کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔

بدھ کی صبح گاڑی میں دو افراد بچے کی لاش کو جناح ہسپتال چھوڑکر فرار ہو گئے تھے جبکہ جاتے ہوئے گاڑی کو بھی ٹکرمار گئے تھے۔ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے واقعے سے متعلق مزید سی سی ٹی وی فٹیجز حاصل کی گئی ہیں اور تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ واقعہ ٹریفک حادثہ ہے۔ سی سی ٹی وی میں نظر آنے والے دونوں افراد گاڑی میں سوار تھے۔کورنگی روڈ پر بچہ گاڑی کے سامنے آیا اور ٹریفک حادثہ ہوا جس کے بعد دونوں افراد نے بچے کو گاڑی میں ڈالا اور جناح اسپتال پہنچایا۔
بچے کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔بچے کے اہل خانہ لاش لے کر لودھراں پہنچے اور انہوں نے کسی بھی قسم کی قانونی کاروائی کرنے سے منع کیا ہے۔ لاش چھوڑ کر فرار ہونے افراد کو شناخت کرلیا گیا تھا۔ پولیس حکام نے بتایاکہ متوفی بچے کے ورثا تدفین کیلئے پنجاب گئے ہیں ، ورثا پولیس سے رابطے میں ہیں ، واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔