مدعی کے عدالت میں بیان دینے سے پہلے ہی مقدمہ میں ڈی آئی جی نے دفعہ 311 لگا دی، مدعی صلح کا بیان بھی دے تو ریاست اس مقدمے کی مدعی ہو گئی۔ ڈی آئی جی انویسٹیگیشن عمران کشور
لاہور ( کرائم ڈیسک ) لاہور کے علاقے چوہنگ کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں میڈیکل کی طالبہ کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مدعی اس مقدمے میں صلح کر چکے ہیں۔ملزمان کے خلاف مدعی کوئی کارروائی نہیں کروانا چاہتے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ کے والد نے ملزمان کو معاف کر دیا ہے۔متقولہ کے والد ملزمان کو معاف کرنے کے بعد سعودی عرب روانہ ہو گئے۔
مدعی کے عدالت میں بیان دینے سے پہلے ہی مقدمہ میں ڈی آئی جی نے دفعہ 311لگا دی ۔ ڈی آئی جی انویسٹیگیشن عمران کشور کا کہنا ہے کہ میڈیکل طالبہ قتل کیس کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے۔اب اگر مدعی صلح کا بیان بھی دے تو ریاست اس مقدمے کی مدعی ہو گئی۔ملزمان سے برآمد اسلحہ فرانزک لیب میں بھجوا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز لاہور میں فائرنگ کر کے میڈیکل کی طالبہ کو قتل کر دیا گیا تھا۔
لاہور کے علاقے چوہنگ کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں یہ المناک واقعہ پیش آیا، میڈیکل کی طالبہ کو فائرنگ کر کے سرعام قتل کر دیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق کم عمر ڈرائیور نےگاڑی سے ٹکر ماری تو ملزم نے ماموں کو بلایا جس نے فائرنگ کر دی، گولی لگنے سے طالبہ زخمی ہوئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا کہ کم عمر ڈرائیور لاپرواہی سے زگ زیگ گاڑی چلا رہا تھا۔
کم عمر ڈرائیور نے لاپرواہی سےگاڑی چلاتے ہوئے دوسری گاڑی کو ٹکر ماری۔ گاڑی ٹکرانے پر کم عمر ڈرائیور عبدالرحمان نے اپنے ماموں اور دیگر افراد کو بلا لیا۔ ڈرائیور کے ماموں اور دیگر ملزمان نے آکر کار پر فائرنگ کر دی۔حکام کے مطابق 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور ان سے اسلحہ بھی برآمد ہو اہے جب کہ 3 دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔