ٹیسٹ کے دوران مشکوک حرکات و سکنات پر ملزم کی بائیو میٹرک کروائی گئی،بائیو میٹرک شناختی کارڈ سے میچ نہ ہونے پرپولیس نے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا
لاہور ( کرائم ڈیسک ) دوست کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والا دوست پکڑا گیا۔یہ واقعہ لاہور میں پیش آیا ہے جہاں پولیس نے دوست کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق امیدوار نے ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے اپنے شناختی کارڈ پر دوست کو بھیج دیا۔فرخ اعجاز نامی امیدوار اپنے دوست عثمان کو ٹیسٹ کے لیے اپلائی کروایا۔
ٹیسٹ کے دوران مشکوک حرکات و سکنات پر ملزم کی بائیو میٹرک کروائی گئی۔بائیو میٹرک شناختی کارڈ سے میچ نہیں ہوئی جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں دوستوں کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا۔کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد لائسنس سنٹرز میں رش لگا چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے لبرٹی اور گارڈن ٹاؤن کے پولیس خدمت مراکز کا دورہ کیا۔انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی ہمراہ تھے ۔لبرٹی کے پولیس خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس بنانے والے شہریوں کا بہت رش تھا ۔گارڈن ٹاؤن پولیس خدمت مرکز کی ٹوکن مشین کا انٹرنیٹ خراب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو ٹوکن لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے دونوں خدمت مراکز میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اورڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے حوالے سے سوالات کئے۔شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے لئے کارروائی میں تاخیر کے حوالے سے شکایات کیں ۔وزیراعلی محسن نقوی نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔گارڈن ٹاؤن کے خدمت مرکز میں ٹوکن مشین کا انٹرنیٹ فوری درست کرانے کی ہدایت کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے ڈرائیونگ لائسنس بنانے والی وینز کا بھی معائنہ کیا اور شہریوں سے ملاقات کی۔