ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کی ہلاکت کے ملزم افنان کے والد کی گفتگو
لاہور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کی ہلاکت کے ملزم افنان کے والد ملک شفقت اعوان نے کہا ہے کہ کسی کو دھمکی یا آفر نہیں کی، بچے کی غلطی کی سزا بھگت رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کو جاں بحق کرنے کے مقدمے میں پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، اس حوالے سے جج عبہر گل نے ملزم افنان کے والد ملک شفقت اعوان کی عبوری ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔
بتایا گیا ہے کہ عدالت نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزم افنان کے والد ملک شفقت کی عبوری ضمانت میں 4 دسمبر تک توسیع کردی، اس موقع پر عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ ’کیا ملزم افنان کا والد ملک شفقت شامل تفتیش ہو چکا ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ’ملزم کا والد شاملِ تفتیش ہو چکا ہے، سی ڈی آر نکلوا رہے ہیں، تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے‘۔
ملزم افنان کے والد ملک شفقت اعوان نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی کو دھمکی یا آفر نہیں کی، بچے نے غلطی کی ہے جس کی سزا بھگت رہے ہیں، یہ ایک حادثہ تھا اور ہم نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔ بتایا جارہا ہے کہ ملزم افنان کا والد ملک شفقت اعوان 2 روز قبل ہی شامل تفتیش ہوا ہے، ملک شفقت نے گاڑی میں افنان کے ساتھ موجود نہ ہونے کے ثبوت دیئے، ملک شفقت نے حادثہ کے دن افنان کی گھر کی پارکنگ سے گاڑی نکالنے کی فوٹیج بھی پولیس کو دی، فوٹیج میں ملک شفقت گاڑی میں نہیں بیٹھا بلکہ افنان نے گاڑی کی چابی اپنے والد سے لی۔