لاہور میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کی ہلاکت کے ملزم کا جسمانی ریمانڈ چیلنج کرنے کا فیصلہ

ملزم افنان شفقت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی

لاہور ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کی موت کا باعث بننے والے ملزم افنان نے جسمانی ریمانڈ چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقہ ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے کیس میں ملزم افنان کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ملزم افنان شفقت نے انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کی جانب سے دیئے گئے جسمانی ریمانڈ کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم افنان شفقت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی، اس حوالے سے ملزم کے وکیل نے درخواست تیار کرلی ہے، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم کم عمر ہے تمام تفتیش مکمل ہوچکی ہے، فری اینڈ فئیر ٹرائل ملزم کا بنیادی حق ہے لہذا عدالت انسداد دہشت گری کی جانب سے دیا گیا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دیا جائے۔
خیال رہے کہ انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے چھ افراد کو جاں بحق کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، ملزم افنان شفقت کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل نے سماعت کی، مقدمہ مدعی کی جانب سے ان کے وکیل رانا مدثر عمر عدالت پیش ہوئے، پولیس نے ملزم کے ٹیسٹ مکمل کرانے کے لیے مزید 30 دن کا جسمانی ریمانڈ مانگا، عدالت نے استفسار کیا ’پانچ دن میں کیا پراگرس ہے؟‘ جس پر ۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ’جائے وقوعہ سے ویڈیو دیکھی ہیں، پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کے لیے وقت درکار ہے، عمر کے تعین کا جزوی ٹیسٹ ہوا ہے مکمل ٹیسٹ کے لیے وقت درکار ہے‘، ملزم کے وکیل نے کہا کہ ’ملزم کے جسمانی ریمانڈ پر اعتراض ہے‘، تاہم عدالت نے ملزم کا مزید پانچ روزہ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، عدالت نے ملزم کی تفصیلی تفتیشی رپورٹ طلب کرلی۔