کوئٹہ (کرائم ویب ڈیسک )بلوچستان کے ضلع کیچ میں آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کی ٹیم پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا، جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق آج تربت کے قریب پسنی روڈ بانک بس ٹرمینل کے قریب آپریشن کے دوران 7 سے 8 مسلح دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ کیا ، دہشت گردوں نے ایس ایم جی، پستول، دستی بم اور آر پی جی کا استعمال کرتے ہوئے سی ٹی ڈی ٹیم کو نشانہ بنایا تاہم سی ٹی ڈی عملہ محفوظ رہا۔
سی ٹی ڈی کی ٹیم نے جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر تک جاری رہا، بعد ازاں دہشت گردوں نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سی ٹی ڈی کی ٹیم نے ان کا تعاقب کیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دیگر دہشتگرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ گولہ بارود برآمد کیا گیا جس میں 2 کلاشنکوف، ایک پستول، دستی بم، موٹر سائیکل پر نصب دیسی ساختہ بم، 2 موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان شامل ہیں ۔
سی ٹی ڈی حکام نے دہشتگردوں کی لاشیں قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت پہنچا دیں اورمزید تفتیش جاری ہے ۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔