ڈاکوؤں نے بیٹے کی میت لے جانے والے باپ کو لوٹ لیا

ہم نے ڈکیتیوں کو ساری صورتحال بتائی اور منت سماجت بھی کی تاہم انہوں نے ایک نہ مانی،موٹرسائیکل پر بیٹے کی میت لے جانے والے باپ کا بیان

گوجرانوالہ (کرائم ڈیسک) ڈاکوؤں نے بیٹے کی میت لے جانے والے باپ کو لوٹ لیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ میں پیش آیا۔پولیس ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ میں پسرور پر قائم پولیس چوکی جنڈیالہ باغولہ کے سامنے ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں چار ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر بچے کی میت لے کر آنے والے روم پور کے رہائشی تنویر بھٹو کو لوٹا۔

تنویر بھٹی کے مطابق وہ اپنے بھائیوں کے ساتھ موٹرسائیکل پر نومولود بیٹے کی لاش لے کر گھر جا رہے ہیں تھے کہ راستے میں ڈاکوؤں نے روکا اور پیسے و موبائل دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے ڈکیتیوں کو ساری صورتحال بتائی او ر منت سماجی بھی کی تاہم انہوں نے ایک نہ مانی،متاثرہ شخص کے مطابق ڈاکوؤں نے تلاشی لے کر جیب سے تیس ہزار روپے اور دو موبائل فون نکالے اور پھر وہاں سے چلتے بنے۔

تنویر بھٹی نے بتایا کہ وہ رات گیارہ بجے اپنے دو بھائیوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر بچے کی لاش لے کر گھر جا رہے تھے۔

والد اپنے لخت جگر کی میت ہاتھوں میں تھامے واقع کی تفصیلات بتاتے ہوئے

دوسری جانب ڈکیتی مزاحمت پرایک اور شہری کو قتل کردیا گیا، مقتول کی شناخت اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے، جو اسپیئر پارٹس کی دکان پر کام کرتا تھا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تین ہٹی میں دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ سے ایک شہری جان کی بازی ہار گیا،پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے، جو اسپیئر پارٹس کی دکان پر کام کرتا تھا۔

حکام نے بتایا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے وہاں موجود لوگوں سے رقم اور موبائل فون چھینے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی، جس سے اللہ دتا زخمی ہوا تاہم طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس نے مزید کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ،مقتول کا تعلق پنجاب سے تھا۔