کم سن طالب علموں سے زیادتی، ملزمان 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

علامتی فوٹو
علامتی فوٹو

چکوال کے ایک مدرسے میں اساتذہ کی جانب سے طالب علموں کے ساتھ مبینہ زیادتی کے کیس کے ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ 

تفتیشی افسر تھانا صدر نے دونوں ملزمان حافظ انیس اور حافظ ذیشان کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ 

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزمان کا ڈی این اے میچ کروانا ہے۔ مدرسے کی سی سی ٹی وی ویڈیو کا فارنزک بھی کروانا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے پولیس کو دونوں ملزمان کو 23 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 ادھر ترجمان مدرسہ کا کہنا تھا کہ 10 نومبر کو 2 بچوں نے مدرسے کے ایڈمن آفس میں شکایت کی تھی۔ بچوں کے والدین نے 2 اساتذہ کی جانب سے بچوں پر تشدد اور زیادتی کی شکایت کی۔

ترجمان نے بتایا کہ والدین نے دونوں اساتذہ کے حوالے سے فیصلہ مدرسے کی انتظامیہ پر چھوڑا۔ مدرسہ انتظامیہ نے دونوں اساتذہ کو 11 نومبر کو فارغ کردیا۔

دوسری جانب پولیس نے دونوں ملزمان کو مدرسہ کی انتظامیہ کے تعاون سے گرفتار کیا تھا۔