کم عمر ڈرائیور کی وجہ سے 6 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، کم عمر ڈرائیورز پر ایف آئی آر درج ہوگی تو وہ کسی سرکاری نوکری، ویزہ اور تعلیمی اداروں میں داخلہ کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔ سی ٹی او مستنصر فیروز
لاہور (نیوز ڈیسک) ٹریفک پولیس لاہور نے کم عمر ڈرائیورز کی بجائے چلان کی بجائے ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کرلیا، چیف ٹریفک آفیسر مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ ڈیفنس میں کم عمر ڈرائیور کی وجہ سے 6 قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں، اب کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر درج کریں گے، ایف آئی آر کے نتیجے میں وہ کسی سرکاری نوکری ،ویزہ اور تعلیمی اداروں میں داخلہ کیلئے اہل نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی او مستنصر فیروز نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ دو دن پہلے لاہور ڈیفنس میں ایک اندوہناک حادثہ ہوا، جس میں 6 قیمتی جانیں ضائع ہوگئی تھیں، اس حادثے کی وجہ کم عمر ڈرائیور جو گاڑی چلانے کا اہل نہیں تھا وہ گاڑی چلا رہا تھا
اس کے نتیجے میں ایک خاندان کے تمام افراد موت کے منہ میں چلے گئے، اس واقعہ کا بڑا افسوس ہے، میری بطور چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ذمہ داری ہے، کہ ان حادثات کو روکا جائے، اس سے پہلے ہم ذرا کم کاروائی کرتے تھے کہ کم عمر ڈرائیورز کا چلان کرتے تھے، فیصلہ کیا ہے کہ جانی نقصان سے بچنے کیلئے کم عمر ڈرائیورز جو غیرقانونی ڈرائیونگ کریں گے، ان کم عمر ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر درج کریں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر کے نتیجے میں وہ کسی سرکاری نوکری کے اہل نہیں رہیں گے، ان کو ویزہ ملنے میں مشکلات ہوں گی، ایسے کم عمر ڈرائیورز کو تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کم عمری ڈرائیونگ پوری زندگی کیلئے ان کے کریمنل ریکارڈ کا حصہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچے جو گاڑی چلانے کے اہل نہیں ہیں ان کو گاڑی مت دیں، وہ اپنی اور کسی اور کی جان کا نقصان نہ کریں۔
یاد رہے 12 نومبر کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس میں 14 سالہ لڑکے کی خطرناک ڈرائیونگ نے خاندان اجاڑ دیا، لاہور کے علاقے ڈیفنس 7 میں کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، کار سوار چودہ سالہ ڈرائیور کی تیز رفتاری کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ رفاقت علی اپنی فیملی کے ہمراہ بیٹی کے سسرال جا رہا تھا، کہ تیز رفتار کار ان کی گاڑی سے ٹکرائی جس سے رفاقت کی 45 سالہ بیوی رخسانہ، 27 سالہ بیٹا حسنین، 23 سالہ بہو عائشہ، 30 سالہ سجاد داماد، اور 4 سالہ نواسی انابیہ اور 4 ماہ کا پوتا حذیفہ شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 6افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پولیس نے کم عمر ڈرائیور افنان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا تھا۔