دلہن نے بارات کے دن دلہا قتل کروادیا‘ آشنا سمیت گرفتار

قتل کی منصوبہ بندی دُلہن نے کی اور واردات کے روز مختلف نمبروں سے ملزم کو لوکیشن بتائی

پشاور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاورمیں بارات کے دن دلہے کو قتل کروانے والی دلہن کو آشنا سمیت گرفتار کرلیا گیا، دُلہن نے ناصرف قتل کی منصوبہ بندی کی بلکہ واردات کے روز مختلف نمبروں سے ملزم کو لوکیشن بھی بتاتی رہی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور پولیس نے شادی کے دن دُلہے کو قتل کیے جانے کا کیس حل کرتے ہوئے دُلہے کو قتل کرنے والے ملزم جلال اور دلہن ثمرین کو گرفتار کرلیا، ملزم سے آلہ قتل برآمد ہوگیا، ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی مقتول عدنان کی دُلہن کے ساتھ کئی سالوں سے دوستی ہے جو اس کی خالہ زاد بھی ہے اور وہ اس کو پسند کرتا تھا، اس لیے عدنان کو راستے سے ہٹانے کے لیے قتل کی واردات کی۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 2 دن پہلے فقیر آباد میں دُلہے کو قتل کیا گیا، یہ واقعہ 11 نومبر کو چارسدہ روڈ پر پیش آیا جہاں بارات میں دُلہے کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دُلہا جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔
ان کی جانب سے بتایا گیا کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کرتے ہوئے اس میں ملوث ملزم جلال اور دلہن ثمرین کو گرفتار کیا تو پتا چلا قتل کی واردات کی منصوبہ بندی دُلہن نے کی اور واردات کے روز بھی دلہن نے مختلف نمبروں سے ملزم کو لوکیشن بتائی۔

ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ اہل خانہ نے ملزمہ کو اس شادی پر مجبور کیا جب کہ ملزمہ کا تقریباً ایک سال سے ملزم کے ساتھ تعلق تھا، دونوں آپس میں شادی کرنا چاہتے تھے لیکن گھر والے اس شادی کے خلاف تھے اور اہل خانہ کی جانب سے انکار کیے جانے پر دونوں نے مل کر مقتول کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی۔