واقعہ تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں پیش آیا ، ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی‘پولیس
لاہور (کرائم ڈیسک) مسجد میں جائیداد کے تنازع پر بزرگ شہری پر ہونے والے تشدد کی ویڈیو وائرل ہو گئی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔پولیس کے مطابق مسجد میں تشدد کا واقعہ تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں پیش آیا، جہاں مسجد میں نماز کے لیے آنے والے بزرگ پر کچھ افراد نے تشدد کیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آ گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بزرگ شہری اعجاز جیسے ہی نماز کی نیت کرنے لگا تو ایک نوجوان نے اس پر حملہ کردیا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چوہدری گوہر اور چوہدری فیصل نامی نوجو ان بزرگ شہری پر تھپڑوں اور مکوں کی بارش کرتے ہیں، جب کہ قریب ہی موجود بزرگ شہری کا بیٹا ابرار اپنے والد کو بچانے کے لیے بیچ میں آتا ہے تو حملہ آور اسے بھی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں جب کہ اس دوران حملہ آور کے مزید ساتھی بھی مسجد پہنچ کر تشدد شروع کردیتے ہیں۔
تین افراد نے مل کر بزرگ شہری اعجاز اور اس کے بیٹے ابرار کو مسجد میں تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ بیٹے ابرار کا سر پھٹنے اور جسم میں دیگر اعضا پر چوٹیں آئیں۔
پولیس نے درخواست پر ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کرتے ہوئے گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کیے۔ بعد ازاں گلشن اقبال پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جائیداد کے تنازع پر ملزمان نے مسجد میں شہری اعجاز پر تشدد کیا۔ فریقین آپس میں رشتے دار ہیں۔ بزرگ شہری کے زخمی ہونے والے بیٹے کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس پی اقبال ٹائون کے مطابق ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔