اسلام آباد پولیس اہلکاروں کو یرغمال بناکر ڈاکو اپنا ساتھی چھڑواکر فرار

ملزم نے پیٹ درد کا کہا پولیس لے کر پولی کلینک اسپتال کی جانب روانہ ہوئی تو راستے میں گاڑی کا ٹائر پنکچرہوگیا

اسلام آباد ( کرائم ڈیسک ) اسلام آباد پولیس کو یرغمال بنانے کے بعد ڈاکو اپنے ساتھی کو چھڑواکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈاکو اپنے ساتھی کو اسلحے کے زور پر پولیس کی حراست سے چھڑا کر لے گئے، بارہ کہو میں ڈاکو اپنے ساتھی کو لے کر با آسانی فرار ہوئے، ملزم ڈکیتی کی واردت میں پولیس کے پاس جسمانی ریمانڈ پر تھا جس کے فرار میں پولیس کی مبینہ ملی بھگت کے پہلو کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں اور واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم نعیم خان افغان شہری ہے اور متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جو ڈکیتی کی واردت میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھا کہ اس دوران ملزم نے پیٹ میں شدید درد کی شکایت کی جس پر پولیس اسے لے کر پولی کلینک ہسپتال کی جانب روانہ ہوئی کہ راستے میں مری روڈ پر پولیس موبائل کا ٹائر پنکچرہوگیا اور جب پولیس موبائل کا ٹائر تبدیل کرنے کے مقصد سے رکی تو ملزم کے مسلح ساتھی وہاں پہنچ گئے اور پولیس اہلکاروں کو یرغمال بناکر اپنے ساتھی ملزم کو لے کر فرار ہوگئے، مسلح ملزمان کی تعداد پانچ تھی اور نقاب پہنا ہوا تھا۔
ادھر صوبہ سندھ کے شہر شکار پور کی تحصیل خان پور کے نواحی علاقہ کوٹ شاہو میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا، ڈاکوؤں کی جانب سے اغواء کیے گئے پولیس اہلکاروں میں ایس ایچ اوکوٹ شاہو محبوب بروہی اور ہیڈ محررسمیت مجموعی طور پر 5 اہلکار شامل ہیں، جنہیں اغواء کرنے کے بعد ڈاکو انہیں اپنے ساتھ لے کر کچے کے علاقہ کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
معلوم ہوا ہے کہ شکارپور کے ایس ایس پی بھاری پولیس نفری کے ساتھ مغوی اہلکاروں کو بازیاب کروانے کے لیے کچے کے علاقے میں پہنچے جن کی مدد کے لیے رینجرز کو بھی طلب کیا گیا اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا، جس کے للیے کچے کے علاقہ کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی سیل کردیا گیا۔