ایف آئی اے امیگریشن کی کراچی ائیرپورٹ پرکارروائی، 2 مسافرگرفتار

کراچی:(کرائم ڈیسک) ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پربڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کر لیا ، ملزمان نے سعودی عرب سے جعلی دستاویزات پر بوسنیا جانے کی کوشش کی تھی ۔

حکام کے مطابق ملزمان عمرے کی غرض سے سعودی عرب گئے تھے جہاں سے انہوں نے جعلی دستاویزات پر بوسنیا جانے کی کوشش کی ، ملزمان بین الاقوامی پرواز سے پاکستان پہنچے تھے ، گرفتار ملزمان میں زین العابدین اور محمد اختر شامل ہیں ۔

حکام کاکہنا ہے کہ ملزمان پاسپورٹس کی ٹیمپرنگ میں بھی ملوث تھے ، ملزمان اپنے پاسپورٹ پر لگے جعلی ویزے کے صفحات پھاڑ دئیے تھے ۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے سعودی عرب میں رہائش پذیر ایجنٹ سے مذکورہ ویزے حاصل کئے تھے ، دوران تلاشی ملزمان کے موبائل فون سے بوسنیا کے ایئر ٹکٹس برآمد کر لئے گئے ۔

ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔