ایس ایس پی ویسٹ کے ہمراہ متاثرہ پولیس اہلکاروں نے سیشن جج کی عدالت میں اپنے ساتھ پیش آئے واقعات کے بارے میں بیانات قلم بند کرائے
کراچی( نیوز ڈیسک) پولیس افسر کو پونجھا لگانے کی سزا پر دیگر پولیس افسران اعلی عدالت پہنچ گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس افسران نے مقامی عدالت کی جانب سے پولیس افسر سے عدالت میں پونچھا لگوانے کی سزا کے خلاف اعلی عدالت میں درخواست دائر کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ ویسٹ کی جانب سے پولیس افسران کو مسلسل تضحیک آمیز اور انوکھی سزائیں دینے کے خلاف متعلقہ افسران اپنے ضلعی سربراہ کے ہمراہ سیشن جج ویسٹ کی عدالت میں پیش ہوئے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے ہمراہ متاثرہ پولیس اہلکاروں نے سیشن جج کی عدالت میں اپنے ساتھ پیش آئے واقعات کے بارے میں بیانات قلم بند کرائے۔سیشن عدالت کو مقامی عدالت کی سزا کے خلاف شکایت درج کروانے والوں میں ڈی ایس پی سرجانی ٹاؤن طاہر خان،ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن امجد کیانی،ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن طارق خالد اور پونجھا لگانے کی سزا والے افسر سہیل احمد شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ماتحت پولیس اہلکار کے ہاتھوں رپورٹ جمع کروانا تفتیشی افسر کو مہنگا پڑ گیا، جج نے احاطہ عدالت میں پونچھا لگانے کی سزا دے دی۔تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ عبد اللہ قادری نے رپورٹ خود جمع نہ کروانے پرتفتیشی افسر کو احاطہ عدالت میں پونچھا لگانے کی سزا دے دی۔ تفتیشی افسر نے رپورٹ خود جمع کرانے کے بجائے ماتحت اہلکار کے ہاتھ بھیج دی تھی۔
عدالت نے تھانہ سرجانی ٹائون کے تفتیشی افسر کو ہتھکڑی لگا کر فرش صاف کرنے کا حکم دیا، تفتیشی افسر کی ہتھکڑی لگا کر فرش صاف کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔جوڈیشل مجسٹریٹ عبد اللہ قادری اس سے قبل پولیس اہلکاروں کو اس قسم کی سزائیں دے چکے ہیں۔ عدالتی ذرائع نے بتایاکہ تفتیشی افسر کی وائرل ویڈیو 15 سے 20 دن پرانی ہے۔