وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا صحت مند پنجاب کا مشن

پنجاب کے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کیلئے 5 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی صحت سہولیات کو سرکاری ہسپتالوں میں یقینی بنانے کے لیے پنجاب بھر میں سرکاری ہسپتالوں کے دورے کر رہے ہیں عام طور پر ان کا دورہ شیڈول نہیں ہوتا اور وہ اچانک شہر کے کسی بھی ہسپتال میں پہنچ جاتے ہیں۔وزیراعلی کے دوروں کی خاص بات ان کا مرکز پورا پنجاب ہے۔ انہوں نے نہ صرف لاہور اورسنٹرل پنجاب بلکہ شمالی اور جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں کے دورے بھی کیے۔ انہوں نے میو ہسپتال ،سروسز ہسپتال،جنرل ہسپتال، جناح ہسپتال لاہور،گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ ‘ بے نظیر بھٹوہسپتال ، ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور،عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات ،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ،ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا،الائیڈ ہسپتال فیصل آباد،نشتر ہسپتال ملتان ،چلڈرن ہسپتال ملتان ،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفر گڑھ ،ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان سمیت صوبہ بھر کے مختلف ہسپتالوں کا اچانک دورہ کیا۔ان کے صوبہ بھر کے دوروں سے تعصب اور لسانیت کی فضا کو پروان چڑھانے والے عناصر کو یقینا مایوسی ہوئی ہوگی۔

اپنے دوروں کے دوران وہ نہ صرف ہسپتالوں کے اندر صحت کی سہولیات کا جائزہ لیتے ہیں بلکہ وہاں پر موجود مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال کے اندر صحت کی سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی کرتے ہیں۔شکایات کی روشنی میں نہ صرف انہوں نے کئی ہسپتالوں کے عہدے داران کو معطل کیا بلکہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لیے احکامات جاری کیے۔گذشتہ ہفتےنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا29واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کیلئے 5 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے چند ماہ میں راولپنڈی میں بے نظیر بھٹو ہسپتال’ ہولی فیملی ہسپتال اور راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا۔ راولپنڈی میں نہ صرف شہر سے بلکہ مضافات’شمالی علاقہ جات ‘کشمیر ‘ ہزارہ’ ایبٹ اباد سمیت مختلف شہروں سے ہزاروں لوگ علاج کے لیے آتے ہیں ۔سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو بے پناہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی کے بڑے ہسپتالوں کا اچانک دورہ کر کے وہاں نہ صرف صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کیے بلکہ ان کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات بھی کیے۔ وزیراعلی پنجاب نے ہسپتالوں کے اندر ایئر کنڈیشنز کو 24 گھنٹے گرمیوں میں فعال رکھنے کی ہدایت کی، ادویات کی دستیابی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی مفت فرامی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔پنجاب کے دوسرے ہسپتالوں کی طرح راولپنڈی کے سب سے بڑے ہسپتال ہولی فیملی کے اولڈ بلاک اورنیوبلاک کواپ گریڈ کیا جائے گا جسکا رقبہ تقریباسوا چھ لاکھ سکوائر فٹ ہے ۔1997 کے بعد ہولی فیملی ہسپتال میں کسی بھی قسم کا کوئی بڑا تعمیراتی کام نہیں ہوا۔ ہسپتال میں صحت کی جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر ایک ارب 80 کروڑ لاگت آئے گی ۔جس کے فنڈز کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ اپ گریڈیشن کے عمل کو تین ماہ کے اندر وزیراعلی کی ہدایات کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔راولپنڈی میں پنجاب کابینہ کے 28 ویں اجلاس کے دوران مری کے ٹی بی ہسپتال کو اپ گریڈ کر کے جنرل ہسپتال بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس اقدام سے مری اور اس کے مضافات کے لوگوں کو صحت کی سہولیات علاقائی سطح پر میسر ہوں گی۔

صحت کی جدید ترین سہولیات کی دستیابی اور ان کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کے ویژن کا اندازہ اس بات سے ہوتا ہے کہ جب وہ چین کے سرکاری دورے پر گئے تو انہوں نےچین کے شہر ین چوان میں صوبہ ننشیا کے سب سے بڑے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا۔ننشیاکا سب سے بڑا جنرل ہسپتال 3500 بستروں پر مشتمل ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ننشیا جنرل ہسپتال کے استقبالیہ،وارڈز اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ریسٹ روم بھی دیکھے۔وزیراعلی محسن نقوی نے بلڈ سیپمل کولیکشن روم،میڈیکل سٹوراور ایمرجنسی وارڈ کا جائزہ لیااور جدید ترین طبی آلات سے لیس ایمبولینس گاڑیوں کا مشاہدہ بھی کیا۔دورےکےدوران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے علاج معالجے کے لئے موجود جدید مشینری اور آلات بھی دیکھے۔وزیراعلی محسن نقوی نے ننشیا کے سب سے بڑے جنرل ہسپتال کےمینجمنٹ سسٹم کو لائق تحسین اور قابل تقلید قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے اسی طرز پر طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے ننشیا حکومت کی مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے۔چین کے دورے کے دوران ہسپتال کا دورہ وزیراعلی پنجاب کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو عالمی معیار کی طبی سہولتوں سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب کہ اقدامات اور احکامات کی روشنی میں نگران کابینہ پنجاب کے وزراء اور پنجاب انتظامیہ ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نہ صرف دورے کر رہے ہیں بلکہ انتظامیہ کی طرف سے نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔ راولپنڈی میں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ہولی فیملی ہسپتال، ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی اور بے نظیر بھٹوہسپتال راولپنڈی کا تفصیلی دورہ کیا اور صحت کی سہولیات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے بھی صوبے بھر کی طرح نہ صرف راولپنڈی شہر بلکہ ڈویژن بھر کے ہسپتالوں کے دورے کیے اور طبی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ صوبائی وزیر ڈاکٹرجمال ناصر نے ٹی ایچ کیو مری میں ڈائیلاسز سنٹر کا افتتاح بھی کیا۔اس اقدام سےمری اور مضافات میں مثانے اور گردوں کے مریضوں کو علاقائی سطح پر ڈائیلاسز کی سہولت میسر ہوگی۔صوبائی وزیر کے ہسپتالوں کے اچانک دورے سےنہ صرف طبی عملے کی حاضری یقینی ہوئی بلکہ طبی سہولیات کی فراہمی میں بھی بہتری آئی ہے۔ صوبائی وزیر ڈاکٹرجمال ناصر نے بنیادی صحت مراکز کے بھی اچانک دورے کیے اور طبی سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نےمری میں ٹریٹ کے مقام پر بنیادی مرکز صحت کے اچانک دورے کے موقع پر عملے کو غیر حاضری کی وجہ سے معطل کر دیا۔ اس اقدام سے مری سمیت مضافات کے علاقوں میں بنیادی مرکز صحت میں طبی عملے کی حاضری میں بہتری ائی ہے۔

راولپنڈی میں انتظامی سطح پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں صحت سہولیات کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھر پور انداز سے متحرک ہیں۔ انہوں نے راولپنڈی شہر سمیت راولپنڈی ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں کے ہنگامی دورے کیے اور سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات’ ادویات کی فراہمی’ صفائی کی صورتحال سمیت ہسپتالوں میں جاری مرمت اور تزین وآرائش کے کام کا جائزہ لیا۔انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں حکومت پنجاب کے احکامات ک روشنی میں طبی سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے۔ کمشنر راولپنڈی نے مریضوں کوادویات کی فراہمی ہسپتال کے میڈیسن سٹور سے یقینی بنانے اور ادویات خریدنے کے لیے مریضوں کے لواحقین کو باہر نہ بھیجنے کے لیے اقدامات کیے۔انہوں نے ہسپتالوں میں صفائی کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ کو ہدایات بھی دیں جس سے صفائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے بھی۔

وزیر اعلی پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے اچانک دوروں سے انہیں ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی دستیابی کے حوالے سے زمینی حقائق سے آگائی سے عوام الناس کو فائدہ ہوگا ۔یقینا ان اقدامات سے عوام میں سرکاری ہسپتالوں کے حوالے سے جو انتظامی نااہلی کا تاثر تھا ،اس کو زائل کرنے میں مدد ملے گی۔ صحت کی بہترین سہولیات عوام کے اعتماد اور یقین کو بڑھائیں گی۔

کالم نگار کی رائے سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں-