اہلکاروں میں ایس ایچ او، ہیڈ محررسمیت 5 اہلکار شامل ہیں جنہیں ڈاکو ساتھ لیکر کچے کی طرف فرار ہوگئے
شکارپور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ سندھ کے شہر شکار پور میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے ایس ایچ او سمیت تمام اہلکار اغواء کرلیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شکار پور کی تحصیل خان پور کے نواحی علاقہ کوٹ شاہو میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا، ڈاکوؤں کی جانب سے اغواء کیے گئے پولیس اہلکاروں میں ایس ایچ اوکوٹ شاہو محبوب بروہی اور ہیڈ محررسمیت مجموعی طور پر 5 اہلکار شامل ہیں، جنہیں اغواء کرنے کے بعد ڈاکو انہیں اپنے ساتھ لے کر کچے کے علاقہ کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ شکارپور کے ایس ایس پی بھاری پولیس نفری کے ساتھ مغوی اہلکاروں کو بازیاب کروانے کے لیے کچے کے علاقے میں پہنچے جن کی مدد کے لیے رینجرز کو بھی طلب کیا گیا اور علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا، جس کے للیے کچے کے علاقہ کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی سیل کردیا گیا۔
چند ماہ قبل کندھ کوٹ میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے ایس ایچ او سمیت تین پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے ایک کروڑ تاوان طلب کیا تھا، اس مقصد کے لیے انہوں نے ایس ایچ او گل محمد مہر، اہلکار نبی داد منگی سمیت تین اہلکاروں کو کچے کے علاقے سے اغوا کیا، جس کے بعد ڈاکوؤں نے ایس ایچ او گل محمد مہر کے بھائی ڈاکٹر وہاب کو فون کرکے اغوا کی تصدیق کی اور ایس ایچ او اور 2 اہلکاروں کی بازیابی کے لیے ایک کروڑ تاون طلب کیا۔
بتایا گیا تھا کہ ڈاکوؤں نے جو پولیس افسر اور اہلکار اغوا کیے وہ اس پولیس ٹیم کا حصہ تھے جو کچے میں مغوی فرحان سومرو کی بازیابی کے لیے روانہ ہوئی تھی، کچے کے ڈاکوؤں کے پاس اغواء کیے گئے درجنوں افراد موجود ہیں جنہیں بازیاب کروانا تو دور کی بات پولیس اہلکار خود بھی اغواء ہوگئے۔