نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے چارج سنبھالنے کے فورا بعد عوامی خدمات کا بیڑا اٹھا رکھا ہے اور اس سلسلے میں وہ کافی حد تک کامیاب بھی دکھائی دیتے ہیں ۔انہوں نے ایسی انسان دوست پالیسیاں روشناس کروائی ہیں اور ایسے احسن اقدامات عوامی فلاح کے لیے کیے ہیں جو لائق تحسین ہیں۔نگران وززیراعلیٰ محسن نقوی نے میٹرو بس اور سپیڈو بس سروس کے کرائے میں 15 روپے اضافے کی سمری مسترد کردی ہے۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اجلاس میں کرائے میں اضافے کی سمری پیش کی گئی۔لاہور ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔وررلڈ بینک کے تعاون سے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 27 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔اسلام آباد و راولپنڈی پاکستان میٹروبس سروس کیلئے بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی اور لاہور میں میٹرو بس ٹریک کی تعمیر و مرمت کاحکم بھی دے دیا ہے۔قذافی سٹیڈیم اور شاہدرہ ریلوے سٹیشن کی تعمیرومرمت اور تزئین و آرائش کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔نگران وزیراعلی کا الیکٹرک بس سروس کیلئے فوری اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ صحت کے مسائل کے حل کے پیش نظر نگران وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ٹی ایچ کیو مری میں دل کا علاج احسن طریقے سے کرانے کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری اور اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ ریلوے ہسپتال راولپنڈی کے درمیان مری میں ٹی ایچ کیو مری میں عوام کو صحت کی سہولیات مزید بہتر انداز میں فراہم کرنے کے لیے معاہدہ پر دستخط کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ایچ کیو ہسپتال مری میں ایم ایس ٹی ایچ کیو مری ڈاکٹر عبدالسلام عباسی اور اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ ریلوے ہسپتال راولپنڈی کے سی ای او ڈاکٹر ارباز نے معاہدے پر دستخط کیے جس کے نتیجے میں ریلوے ہسپتال راولپنڈی کی طرف سے ٹی ایچ کیو ہسپتال مری میں ہفتے میں ایک بار ماہر امراض دل ‘ماہر امراض گردہ’ ماہر امراض معدہ و جگر اور دیگر سپیشلسٹ ڈاکٹرز اپنی خدمات مری اور مضافات کے مریضوں کے لیے مفت فراہم کریں گے۔ معاہدے کے تحت ریلوے ہسپتال راولپنڈی میں ٹی ایچ کیو مری سے ریفر کیے گئے مریضوں کے آپریشن اور دیگر علاج بالکل مفت کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال مری ڈاکٹر عبدالسلام عباسی نے کہا کہ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان کی ہدایات کی روشنی میں مری اور گرد و نواح کے مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے سے مری اور اس کے مضافات میں رہنے والے لوگوں کو طبی سہولیات مزید بہتر انداز میں فراہم ہوں گی ۔
کالم نگار کی رائے سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں-