عمرہ کے بہانے مطلوب ملزم کی سعودی عرب فرار کی کوشش ناکام‘ ایئرپورٹ سے گرفتار

گرفتار ملزم ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے جو سعودی ائیر لائن کی پرواز سے سعودی عرب روانہ ہورہا تھا

کراچی ( کرائم ڈیسک ) وفاقی تحقیقاتی ادارے نے عمرہ کے بہانے مطلوب ملزم کی سعودی عرب فرار کی کوشش ناکام بنادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف ائی اے) کے امیگریشن سرکل نے پنجاب پولیس کو مطلوب ملزم کو عمرہ ویزے پر سعودی عرب جاتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزم عبداللہ احمد کا نام انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل ہے جو عمرہ ادائیگی کے بہانے کراچی ائیرپورٹ سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ اس دوران امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچتے ہی ملزم کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
ترجمان سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد ایف آئی اے حکام کی جانب سے مسافر کو گرفتار کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا گیا، گرفتار ملزم ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہے جو سعودی ائیر لائن کی پرواز سے سعودی عرب روانہ ہورہا تھا کہ اس کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ادھر قومی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک کارروائی میں سنگین جرائم میں مطلوب 3 ملزمان کو ابوظہبی سے گرفتار کرلیا، ان اشتہاری ملزمان کو ابوظہبی سے گرفتار کرکے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ منتقل کیا گیا کیوں کہ یہ گرفتار ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے، جن میں قمر عباس، مہتاب خان اور دوست علی شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ملزم قمر عباس گجرات پولیس، ملزم مہتاب خان اور دوست علی بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان پولیس کو مطلوب تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمات درج تھے، جن کی بناء پر ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹسسز جاری کیے تھے، جن پر عمل درآمد کے بعد ملزمان کو لاہور منتقل کیا گیا تو وہاں سے ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔
اس حوالے سے ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی، این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لیے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔