بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا گروہ گرفتار

ملزمان نے 32 متاثرین سے 25 لاکھ روپے ہتھیائے‘ بیرون ملک ملازمت کے نام پر سوشل میڈیا پر اشتہارات لگاتے اور سادہ لوح شہریوں کو جال میں پھنسانے کیلئے واٹس ایپ پر میسیجز بھیجتے تھے

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 اکتوبر 2023ء) راولپنڈی سے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے مالی فراڈ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا، جس کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم راولپنڈی چوہدری عبدالرؤف کی ہدایات پر انسپیکٹر بدر شہزاد کی جانب سے چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے نتیجے میں ملزمان کی گرفتاری ممکن ہوئی۔

اس حوالے سے ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ یہ ملزمان بیرون ملک ملازمت کے نام پر سوشل میڈیا پر اشتہارات لگاتے اور سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے واٹس ایپ پر بھی میسیجز بھیجتے تھے، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر رقوم بٹورتے تھے۔

معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے 32 متاثرین سے بیرون ملک ملازمت کے نام سے 25 لاکھ روپے بٹورے، ملزمان متاثرین کے فنگر پرنٹس لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سے کرواتے تھے اور متاثرین سے فنگر پرنٹ، میڈیکل اور پراسیسنگ فیس کے نام پر 78ہزار 800 روپے فی کس الگ سے بٹورے، ملزمان نے مذکورہ رقوم مختلف ایزی پیسہ اکاؤنٹس میں منگوائی۔


ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان میں محمد حنیف، اکبر، محمد اختر اور محمد وسیم شامل ہیں، ایف آئی اے نے ملزمان کو مظفر گڑھ سے گرفتار کیا، ان ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اس کے علاوہ راولپنڈی سے ہی لڑکی بن کر شہریوں سے 12 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ہتھیانے والا نوسرباز بھی پکڑا گیا، وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے مالی فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا، اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کے بیٹے سے لڑکی بن کر سوشل میڈیا پر رابطہ کیا اور خود کو کینسر کا مریض ظاہر کرتے ہوئے رقم ہتھیائی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے من گھڑت پریشانیوں کا بتاکر متاثرہ فرد سے لاکھوں روپے بٹورے، ملزم مجموعی طورپر 12 لاکھ روپے سے زائد وصول کر چکا تھا، ملزم دیگر ساتھیوں کے ساتھ متاثرہ فیملی کو دھمکیاں بھی دیتا رہا۔