سرگودھا: مخالفین کی فائرنگ سے عدالت پیشی پر آیا ملزم قتل

سرگودھا: (کرائم ڈیسک) مخالفین نے فائرنگ کر کے عدالت پیشی پر آئے ملزم کو قتل کر دیا جس پر پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو موقع سے ہی گرفتار کرلیا۔

تھانہ جھال چکیاں میں قتل کے مقدمے میں گرفتار ملزم امانت علی کو سول جج کی عدالت میں لایا گیا جہاں موجود راحیل نے فائرنگ کر کے ملزم امانت علی کو قتل کردیا، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو موقع پر گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم راحیل وکیل کا یونیفارم پہن کر احاطہ عدالت میں داخل ہوا، ملزم اجرتی قاتل بتایا جاتا ہے جو 4 گھنٹے سے عدالت میں بیٹھا انتظار کرتا رہا۔

مقتول امانت علی 4 سال قبل اپنے سگے ماموں محمد رمضان کے قتل میں نامزد ملزم تھا، مقدمہ کے اندراج کے بعد امانت علی دبئی فرار ہوگیا تھا، دو روز قبل انٹر پول کے ذریعے اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔