اسلام آباد(کرائم ڈیسک) پولیس انویسٹی گیشن برانچ کے انسداد ڈکیتی و رابری یونٹ نے ایک بڑی کارروائی میں خطرناک افغان نژاد گروہ کے 3 ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیے۔تفصیل کے مطابق اسلام آباد پولیس نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعدد ہائی پروفائل مقدمات میں ملوث افغان ڈکیت کو گرفتار کر لیا ہے، یہ گروہ راولپنڈی میں ایک سیشن جج کے قتل میں بھی ملوث تھا۔
پولیس حکام کے مطابق گروہ سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، ایک ملزم موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور انعامات کا اعلان کیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتار زخمی افغان ڈکیت کے حوالے سے کچھ انکشافات سامنے آئے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ ان ڈاکوؤں نے سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد کے گھر ڈکیتی کی، انھوں نے مرحوم نعیم الحق کے گھر میں بھی واردات کی، اور غیر ملکی سفارت خانے میں تعینات خاتون کے گھر میں بھی ڈکیتی کی۔
پولیس حکام کا کے مطابق غیر ملکیوں کے خلاف مہم کے دوران ان ملزمان کے نام سامنے آئے ہیں، جو کئی سالوں سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے، ملزمان کے مکمل گینگ کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں، جب کہ زخمی ملزمان کا اسپتال میں اس وقت علاج جاری ہے۔