اسلامیہ یونیورسٹی، جنسی زیادتی،نازیباویڈیوز کی منظم سرگرمی کا سراغ نہیں ملا، رپورٹ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایچ ای سی کی کمیٹی نے تحقیقاتی رپورٹ میں بتایاہے کہ بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی میں جنسی زیادتی، نازیباویڈیوز اور منشیات کی منظم سرگرمی کے شواہد بھی نہیں ملے۔تفصیلات کے مطابق بہاولپور یونیورسٹی نازیبا ویڈیوز اسکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ایچ ای سی کی کمیٹی نے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ جمع کروا دی ہے۔

ایچ ای سی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بہاولپوریونیورسٹی میں جنسی زیادتی یا نازیبا ویڈیوز کی منظم سرگرمی کا سراغ نہیں ملا،جنسی زیادتی اور نازیباویڈیوزکا معاملہ سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بہاولپور یونیورسٹی میں منشیات کی بھی منظم سرگرمی کے شواہد نہیں ملے،صرف 2سے 3افسران انفرادی طور پر غیرقانونی سرگرمی میں ملوث پائے گئے جس کے خلاف انکوائری کمیٹی نے سخت کارروائی کی سفارش کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے پولیس کی رپورٹ میں شائع شدہ الزامات کی جامع تحقیقات کیں اور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر سے بھی تحقیقات کی گئیں،کمیٹی یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے افسران سے بھی ملی۔ذرائع کے مطابق ایچ ای سی کی رپورٹ میں یونیورسٹی کے انتظامی اور تعلیمی معاملات میں کچھ بے ضابطگیاں پائی گئیں،کمیٹی نے بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرکے کارروائی کی سفارش کردی۔واضح رہے کہ بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی میں منشیات اور طالبات سے جنسی تعلقات قائم کرنے کا اسکینڈل سامنے آیا تھاجس پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے 28جولائی کو معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی تھی۔