ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی بڑی کارروائی

اسلام آباد(کرائم ڈیسک) ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہک گل کی سربراہی میں ٹیم نے راولپنڈی میں واقع پراچہ ٹریڈر پر چھاپہ مار کارروائی کی اور 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ملزمان بغیر لائسنس کے منی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ ملزمان کو راولپنڈی کے علاقے راجہ بازار سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں عبدالرحمان پراچہ، بلال کلیم، توصیف احمد، اور محمد نوید شامل ہیں۔چھاپے کے دوران ملزمان سے 30 لاکھ روپے مالیت کی ملکی وغیر ملکی برآمد کر لی گئی۔ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں