ملزمان دھمکی دیتے ہوئے کھانے کا پارسل، 8 ہزار روپے اور فون چھین کر فرار ہو گئے،پولیس نے مقدمہ درج کر لیا
فیصل آباد (کرائم ڈیسک) فیصل آباد میں ملزمان نے ڈلیوری بوائے سے مٹن کڑاہی اور رقم لوٹ لی، تھانہ پیپلزکالونی کے علاقہ چھوٹی ڈی گرائونڈ میں ڈاکوئوں کا گروہ ڈلیوری بوائے سے کھانا چھین کر فرار ہو گئے، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کے گروہ کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈلیوری بوائے محمد ادریس نے بتایا کہ وہ لاثانی ہوٹل سے کھانا کا پارسل‘ مٹن کڑاہی‘ نان وغیرہ لیکر چھوٹی ڈی گرائونڈ الفیاض جنرل سٹور کے قریب پہنچا تو موٹرسائیکل سوار تین مسلح ڈاکو آئے اور اسکو روک کر جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے کھانے کا پارسل‘ 8 ہزار روپے اور فون چھین کر فرار ہو گئے۔
بعدازاں متاثرہ نوجوان نے پولیس کو واردات کی اطلاع کی تو پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود ڈاکوئوں کے گروہ کو پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔گذشتہ ماہ بھی فیصل آباد میں ڈکیتی کی اسی طرح کی ایک انوکھی واردات پیش آئی تھی۔30 اگست کو رپورٹ کیا گیا کہ تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ جڑانوالہ روڈ جلوی مارکیٹ کے قریب بھوکے ڈاکو ڈلیوری بوائے شہزاد سے کھانا چھین کر فرار ہو گئے۔
شہزاد نامی ڈلیوری بوائے نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ وہ کھانا پہنچانے کیلئے جا رہا تھا کہ جب وہ جڑانوالہ روڈ پر جلوی مارکیٹ کے قریب پہنچا تو 2 نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے روک لیا اور جان سے مار دینے کی دھمکی دیتے ہوئے کھانا چھین کر فرار ہو گئے۔